مولانا فضل الرحمن نے اسلام آباد لاک ڈاؤن کیلئے کمیٹیاں تشکیل دے دیں


اسلام آباد : امیر جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی )ف مولانا فضل الرحمن نے اسلام آباد لاک ڈائون کیلئے کمیٹیاں تشکیل دے دیں۔

کمیٹیوں کی حتمی منظوری متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے )میں شامل ہم خیال جماعتوں کے سربراہان سے مشاورت کے بعد دی گئی۔

ذرائع کا کہناہے کہ  مرکزی جماعت اہلحدیث کے سربراہ سینیٹر ساجد میر، شاہ اویس نورانی سے مشاورت کے بعد مولانا فضل الرحمن نے کمیٹیوں کی منظوری دی۔

سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کمیٹیوں کے کوآرڈینیٹر نامزد کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق  کمیٹیوں میں سیاسی رابطہ کمیٹی، سفارتی رابطہ کمیٹی ، میڈیا رابطہ کمیٹی، تاجروں، وکلاء اور سول سوسائٹی کے افراد سے ملاقاتوں کیلئے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

مولانا فضل الرحمن نے کمیٹیوں کے ممبران کو فوری طور پر کام شروع کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

واضح رہے کہ جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اسی سال اکتوبر میں اسلام آباد کی طرف مارچ کا اعلان کررکھا ہے۔

28جولائی کو جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف)  کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا تھا کہ موجودہ حکومت نے استعفیٰ نہ دیا تو اکتوبر میں وہ اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے۔

کوئٹہ میں منعقدہ ملین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی، غربت اور بےروزگاری میں اضافے کی وجہ سے عوام میں احساس محرومی بڑھتا جا رہا ہے۔

جے یو آئی کے امیر نے کہا کہ ہم ملک کی تعمیر وترقی چاہتے ہیں لیکن سلیکٹڈ وزیراعظم اور جعلی حکومت کی وجہ سے ملک میں سرمایہ کاری کا عمل رک چکا ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ وہ پی ٹی آئی حکومت کو اگست تک کی مہلت دیتے ہیں، اکتوبر میں نہ صرف ملک گیر سطح پر تحریک چلائیں گے بلکہ اسلام آباد کی جانب مارچ بھی کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 25 جولائی 2018 کو عوام کی رائے کا احترام نہیں کیا کیا اور ان کا مینڈیٹ چوری کرلیا گیا۔

جمعیت کے قائد نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن فوری طور پر انتخابات کرانے کا اعلان کرے تاکہ ملک جمہوری اور عوامی نمائندگی کے ذریعے ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔

جمعیت علماء اسلام کے امیر نے کہا کہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے باعث ملکی معیشت روز بروز کمزور سے کمزورتر  ہوتی جا رہی ہے، حکمرانوں نے چین کی جانب سے سرمایہ کاری کے کئی مواقع ضائع کر دیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: فضل الرحمان کا اکتوبر میں اسلام آباد کی طرف مارچ کا اعلان


متعلقہ خبریں