فوجی تعاون بڑھانے کیلئے پاکستان اور روس مشترکہ کمیشن پر متفق


اسلام آباد: پاکستان اور روس نے فوجی تعاون بڑھانے کے لئے مشترکہ کمیشن تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستانی وزیرخارجہ خواجہ آصف کے چار روزہ دورہ روس کے متعلق دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد اور ماسکو کے درمیان مذاکراتی دور ہوا جس میں دوطرفہ تعلقات، اہم علاقائی وعالمی امور اور مشرق وسطی کی صورتحال زیر غور آئی۔ دونوں ممالک کے مابین اقوام متحدہ اور شنگھائی تعاون تنظیم میں تعاون پر بھی غور ہوا۔

روس اور پاکستان کے وزرائے خارجہ نے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مذاکرات میں دونوں ممالک نے اعلی سطح پررابطے بڑھانے پر زور دیا۔ توانائی، تجارت، دفاع، تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پربھی اتفاق ہوا۔ اس کے علاوہ عوامی روابط کے فروغ اور بین الحکومتی کمیشن کے تحت تمام شعبوں میں پیشرفت کا معاملہ بھی زیر غور رہا۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکڑفیصل نے کہا ہے کہ پاکستان نے روس سمیت کسی بھی ملک پر سیاسی عزائم کے تحت پابندیوں کی مخالفت کی۔

پاکستانی ترجمان کے مطابق افغانستان میں داعش کی افزائش ہمسایہ ممالک کیلئے خطرہ ہے، روس نے پاکستان کے ساتھ مل کرافغان مسئلہ حل کرنے پربھی اتفاق کیا ہے۔

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروو نے پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف کاوشوں اور قربانیوں کو سراہا۔ روس نےدہشت گردی کے خلاف پاکستان کی صلاحیتوں میں اضافہ کیلئے تعاون کی بھی یقین دہانی کروائی۔

سرگئی لاوروو نے پاکستان کو گیس پائپ لائن منصوبے اور توانائی کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں معاونت کا بھی یقین دلایا۔


متعلقہ خبریں