استور:پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ مودی کی قیادت میں بی جے پی سرکارنے صرف مقبوضہ کشمیر پر نہیں بلکہ امت مسلمہ پر حملہ کیاہے۔ ہم سب نے ملکر کشمیریوں کا ساتھ دیناہے۔ کشمیر کا مقدمہ بھٹو شہید کے فلسفے کے مطابق لڑینگے۔
بلاول بھٹو زرداری نے یہ بات آج گلگت بلتستان کے ضلع استور پہنچنے پر کارکنوں سے خطاب میں کہی۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپنی تقریر میں وزیراعظم عمران خان کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کٹھ پتلی وزیر اعظم میں وہ صلاحیت نہیں ہے، وہ کشمیر کے لئے آواز نہیں اٹھا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان آج اپنے ملک میں میڈیا پر پابندی لگا کر کشمیر میں میڈیا پر پابندی کی کیا بات کرتاہے؟ جو اپنے مخالفین کو گرفتار کرے وہ مودی کو کیسے کہہ سکتا ہے؟
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہا کہ اس نالائق کٹھ پتلی نے عورتوں کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔ بغیر کوئی وجہ بتائے مریم نواز اور فریال تالپور کو بھی گرفتار کرلیاگیاہے۔ اس قسم کے بزدلانہ اور اوچھے ہتھکنڈوں سے ہمیں نہیں ڈرا سکتے۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ یہ کٹھ پتلی کشمیر کا مقدمہ لڑنے کی بجائے سیاسی مخالفین کو جیلوں میں بند کر رہا ہے۔ نواز شریف میرا سیاسی مخالف ہے، مگر سیاسی مخالف کو بلیک میل کرنا بزدلی ہے۔ ستر سالہ نواز شریف کو بیٹی سمیت جیل میں ڈالنا بزدلی ہے۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ جو ظلم ہمارے ساتھ کرنا ہے وہ کرے مگر غریب عوام کے ساتھ ظلم برداشت نہیں کرینگے۔ ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا مگر 10 لاکھ نوجوانوں کو بے روزگار کردیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ کسان، مزدور اور غریب کا معاشی استحصال کیا جارہاہے۔ جو 50 لاکھ گھر بنانے والے تھے وہلوگوں کے گھر توڑ توڑ رہے ہیں۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ کشمیر پر حملہ ہوا مگر عمران نیازی کہتا ہے میں کیا کروں؟ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے وعدے کئے وہ پورے کئے۔ جو وعدے پی پی پی نے کئے وہ پورے کئے ہیں
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی پی پی نے غریب کے حقوق کا خیال رکھا۔ الیکٹیڈ آپ کے ووٹوں سے آتے ہیں ان کو آپ کے مسائل کا ادراک ہوتا ہے مگر سلیکٹیڈ کو کوئی احساس نہیں ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں تنخواہوں اور پنشن میں 150 فیصد اضافہ کیا۔ ہم نے مشکل حالات کے باوجود بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا۔ پی پی پی کی حکومت ائے گی تو ہم روزگار دینگے۔
یہ بھی پڑھیے: بھارت اخلاقی میدان میں بری طرح جنگ ہار چکا ہے، بلاول بھٹو زرداری