بھارت نے جنگ کا اعلان کردیا، غوث بخش مہر


اسلام آباد: گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی غوث بخش مہر نے کہا ہے کہ بھارت نے جنگ کا اعلان کردیا ہے۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پانچ سال تک پاکستان وزیر خارجہ نہیں تھا جس کا بہت نقصان ہوا اور ہمارا مسئلہ کشمیر پر مؤقف کمزور ہوا۔

غوث بخش مہر نے کہا کہ پاکستان کو شملہ معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کرنا چاہیے۔

غوث بخش مہر نے کہا کہ چین، ترکی اور ایران پاکستان کے  ساتھ ہیں، ہمیں دوست ممالک کو اعتماد میں لینا چاہیے۔

مزید پڑھیں: ’ہمارا کپتان امریکہ میں کشمیر کو بیچ آیا‘

انہوں نے کہا پاکستان کو مختلف ممالک میں سفیروں کاوفد بھیجنا چاہیے اور دنیا کو بتانا چاہیے کہ بھارتی اقدام اور مستقبل میں اس کے اثرات کیا ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ نہیں کہنا چاہیے کہ جنگ نہیں لڑسکتے، چند ارکان کےبیانات  اتحاد  کا پیغام نہیں دے رہے۔

اجلاس کے دوران وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ میں تین سے چھ ماہ کے اندر جنگ دیکھ رہا ہوں اور تاریخ ایک فیصلہ لینے جا رہی ہے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ جلد چین جائیں گے جس کا  کشمیر سے بھی گہرا تعلق ہے۔

انہوں نے کہا کہ مودی نے ایسا فیصلہ کیا جو کشمیریوں کے لیے نیا شعلہ بنے گا، شملہ معاہدہ ختم ہو گیا ،ایل او سی ختم ہوچکی ،جدو جہد آزادی کا نیا نقشہ بن چکا ہے،اب یہ تحریک یو پی تک جائے گی۔


متعلقہ خبریں