قومی احتساب بیورو (نیب)نے پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے سربراہ اور سابق سٹی ناظم کراچی مصطفیٰ کمال کی جانب سے متنازعہ زبان کے استعمال پر انہیں قانونی نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
قومی احتساب بیورو کی طرف سے جاری اعلامیہ میں کہا گیاہے کہ سابق سٹی ناظم کراچی مصطفیٰ کمال نیب افسران کے بارے میں ادا کیے گئے اپنے الفاظ پر معافی مانگیں،اگر سابق سٹی ناظم مصطفے کمال کی طرف سے معافی نہ مانگی گئی تو نیب قانونی کارروائی کے لیے عدالت سے رجوع کرے گا۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ نیب مصطفیٰ کمال کے دور میں 30 ہزار کروڑ روپے کی خطیر رقوم خرچ کرنے کی تحقیقات کرے گا کیونکہ اتنی خطیر رقوم خرچ کرنے کے باوجود کراچی کے مسائل جوں کے توں ہیں۔
نیب کے مطابق مصطفیٰ کمال کے خلاف پہلے ہی احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کر چکا ہے، ان کی جانب سے نازیبا الفاظ کا استعمال نیب کی ساکھ کو مجروح کرنے کی مذموم کوشش ہے، وہ نیب افسران پر تنقید کرنے کے بجائے اپنی تمام توانائیاں احتساب عدالت میں دائر ریفرنس کے دفاع پر خرچ کریں۔
یہ بھی پڑھیے: ساحل سمندر پر اراضی کی غیرقانونی الاٹمنٹ ،مصطفے کمال کو نیب سے تعاون کا حکم