’بے شک اللہ ہمارے ساتھ تھا‘


لندن: عالمی چیمپئن انگلینڈ کے کپتان اوئن مورگن نے کہا ہے کہ ’’ میچ کے دوران عادل رشید نے مجھے کہا کہ اللہ کی مدد ہمارے ساتھ ہے اور بے شک اللہ ہمارے ساتھ تھا ۔‘‘

ورلڈ کپ 2019 کے فائنل کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپر اوور کے دوران میں نے ٹیم کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں اس مشکل گھڑی سے لطف اندوز ہونے کا مشورہ دیا۔

مورگن نے کہا کہ سپر اوور کے دوران میری کوشش تھی کہ کھلاڑیوں کو اعصابی تناؤ سے نکال کر ان کے چہروں پر مسکراہٹ لاؤں جس پر تمام کھلاڑیوں نے اچھا رد عمل دیا۔

مین آف دی میچ بین اسٹوکس کے حوالے سے انگلش کپتان کا کہنا تھا کہ مشکل صورتحال میں جس طرح انہوں نے کھیل پیش کیا وہ قابل تعریف ہے۔

انہوں نے کہا کہ بین اسٹوکس غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل کھلاڑی ہیں، جس طرح وہ انگلینڈ کی بیٹنگ کو لے کر چلے اس کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کولکتہ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ کے دوران بین اسٹوکس پر جو بیتی کوئی اور کھلاڑی ہوتا تو اس کا کریئرختم ہوجاتا تاہم جب بھی مشکل درپیش آئی اسٹوکس نے ٹیم کو اس میں سے نکالا ہے۔

یاد رہے ورلڈ کپ 2019 کے فائنل میچ میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر پہلی بار کرکٹ ورلڈ کپ اپنے نام کر لیا۔

دونوں ٹیموں کا میچ برابر ہونے پر عالمی کپت کی تاریخ میں پہلی بار ٹائٹل کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا۔

انگلینڈ نے سپر اوور میں نیوزی لینڈ کو 16 رنز کا ہدف دیا تاہم نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ہدف کے تعاقب میں 15 رنز بنائے اور میچ ایک بار پھر برابر ہو گیا تاہم انگلینڈ کی ٹیم زیادہ باؤنڈریاں لگانے پر فاتح قرار پائی۔

 


متعلقہ خبریں