امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے


اسلام آباد: امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

ایک اعلامیے کے مطابق امیر قطر کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان آیا، وزیراعظم عمران خان نے نورخان ائیربیس پر معزز مہمان کا استقبال کیا۔

پاکستان پہنچتے ہی امیر قطر کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ معزز مہمان کے استقبال کی باضابطہ تقریب وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوئی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ امیر قطر شیخ تمیم بن حماد کو وزیراعظم ہاؤس میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جبکہ ان کو پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے فضائی سلامی بھی دی۔

یہ بھی پڑھیے:امیر قطر کی پاکستان آمد کے شیڈول میں تبدیلی

امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے وزیراعظم ہاؤس میں پودا لگایا جبکہ وزیراعظم کی ان سے ون آن ون ملاقات بھی ہوئی۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان اور قطر کے درمیان وفود کی سطح پر  بھی مذاکرات ہوئے جن کے دوران دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بعدازاں وزیراعظم ہاؤس میں پاکستان اور قطر کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب کے دوران تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کے لیے ورکنگ گروپ کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

دونوں ملکوں کے درمیان سیاحت اور تجارت کی ترقی کے لیے تعاون کی مفاہمتی یادداشت جبکہ منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے انسداد،خفیہ معلومات کے تبادلے کی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔

امیر قطراپنے دورۂ پاکستان کے دوسرے روز یعنی  اتوار کی صبح 11 بجے ایوان صدر پہنچیں گےجہاں انکی ملاقات صدر مملکت عارف علوی سے ساڑھے 11 بجے ہو گی۔

شیڈول کے  مطابق امیر قطر 12 بجے ایوان صدر میں سرمایہ کاری تقریب میں بھی  شریک ہوں گے۔ امیر قطرکے اعزاز میں ایوان صدر میں ظہرانہ ہو گا ،وزیر اعظم، اعلیٰ عسکری و سیاسی قیادت شریک ہوگی۔

دوپہر ایک بجے کے بعد قطری امیر شیخ تمیم بن حماد واپسی کے لئے نور خان ائیر پورٹ روانہ ہوں گے جہاں وفاقی وزراء معززمہمانوں کو رخصت کریں گے۔


متعلقہ خبریں