کراچی :بحیرۂ عرب میں آنے والے سمندری طوفان ’وایو‘ کے اثرات


کراچی کے موسم پر بحیرۂ عرب میں آنے والے سمندری طوفان ’وایو‘ کے اثرات نظر آنے لگے ہیں۔ شہر میں آج شدید گرمی ہے اور آئندہ تین روز شدید گرمی پڑے گی ، درجہ حرارت چالیس ڈگری کو چھوسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ضلع بدین، ٹھٹھہ اور تھر پارکر میں تیز آندھی اور بارش کی صورت میں طوفان کےاثرات نظر آئیں گے۔

بحیرۂ عرب میں سمندری طوفان ’وایو‘ اس وقت کراچی سے 800 کلو میٹرکے فاصلے پر ہے اور 10 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جنوب کی جانب بڑھ رہا ہے۔ طوفان کے کل بھارتی ریاست گجرات کے ساحل سے ٹکرانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان کے زیر اثر آئندہ تین روز تک کراچی میں شدید گرمی رہے گی۔دن کے اوقات میں سمندری ہوائیں معطل یا رفتار کم ہونے سے پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو سکتا ہے۔ نمی کا تناسب زائد ہونے سے گرمی کی شدت کہیں زیادہ محسوس کی جائے گی۔

محکمہ موسمیات کے حکام کے مطابق بحیرۂ عرب میں آنے والے ’وایو‘نامی طوفان سے پاکستان کی ساحلی پٹی کو فی الحال کوئی خطرہ نہیں  ہے۔ تاہم طوفان کے اثرات ضلع بدین، ٹھٹھہ اور تھر پارکر میں تیز آندھی اور بارش کی صورت میں نظر آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیے: سمندری طوفان ’وایو‘ کراچی کے جنوب مشرق سے 1150کلومیٹر دور

بدین اور ٹھٹھہ کے ساحلی علاقوں میں الرٹ جاری کردیا گیاہے۔ ماہی گیروں کو کھلے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں