’’عمران خان کے گھبرانے کا وقت ہوا چاہتا ہے’’

عوام جتنا ہوسکے خود کو گھروں تک محدود رکھیں، وزیراعظم

فوٹو: فائل


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہباز شریف کا طیارہ لاہور ائرپورٹ پر اتر چکا ہے اور اب وزیر اعظم عمران خان کے گھبرانے کا وقت ہوا چاہتا ہے۔

مسلم لیگ نون کی مرکزی ترجمان اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے شہباز شریف کے وطن واپس پہنچنے پر اپنے مخالفین کو نشانے پر رکھ لیا۔ عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا  کہ شہباز شریف کے واپس آنے پر خوف سے آپ کے ترجمانوں کو سانپ کیوں سونگ گیا ؟ اب آپ کی ڈھیل کا وقت ختم ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے آنے کی خبر سن کر عمران خان ہمیشہ کی طرح پہاڑوں میں چھپ گئے ہیں۔ اب وہ اپنے جھوٹ اور مصنوعی بیانیہ سے عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتے ہیں۔

مسلم لیگ نون کی مرکزی ترجمان نے کہا کہ نتھیا گلی کے گورنر ہاؤس میں آئی ایم ایف 22 کروڑ عوام کی قسمت کا فیصلہ کر رہا ہے جبکہ ملک بھر کے گورنر ہاؤس یونیورسٹی بننے تھے، اُن کی دیواریں گرنی تھیں، ہوٹل بننے تھے اور اُنہی پیسوں سے ملکی قرضہ اور غربت ختم ہونا تھا لیکن ان سب کا کیا ہوا ؟

یہ بھی پڑھیں شہباز شریف وطن واپس پہنچ گئے

انہوں نے وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 5 روز میں ٹیکس کا کتنا پیسہ جو اسکول اور اسپتال بنانے پر لگنا تھا وہ آپ پر لگا ہے ؟ واپس آجائیں اور تیاری کریں کیونکہ آپ نے شہباز شریف کو اپنی نااہلی اور نالائقی کے بڑے جواب دینے ہیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اب عمران خان کے بھاگنے اور چھپنے کا وقت ہے وہ اب خلق خدا کے صبر سے ڈریں۔ عمران خان عید کی نماز پڑھتے ہی شہباز شریف کے آنے کے خوف سے سرکاری ہیلی کاپٹر پہ نتھیا گلی جا کر پہاڑوں میں چھپ گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں