ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کو تنہانہیں چھوڑ سکتے،بلاول


پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ لاڑکانہ اور رتوڈیرو میں ایڈز کی وبا نہیں ہے۔ ایچ آئی وی وائرس  کے پھیلنے کے حوالے سے میڈیا نے لوگوں میں خوف وہراس پیدا کیاہے۔ ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کو تنہانہیں چھوڑ سکتے انہیں زندگی بھر مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کی بیماری کو سیاست کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ معصوم بچوں کے نام اور تصاویر میڈیا پر نشراور شائع کی گئیں یہ کسی صورت بھی قابل قبول نہیں ہے ۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ماضی میں ایچ آئی وی اور ایڈز کو خطرناک مرض سمجھا جاتا تھا،اب ایڈز اور ایچ آئی وی قابل علاج بیماری ہے۔ انہوں نے کہ اکہ ایچ آئی وی متاثرین کو مکمل علاج فراہم کیا جائیگا۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ ایچ آئی وی کے علاج کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ کو انڈومنٹ فنڈ بنانے کی ہدایت کر دی ہے، بیماری کی زد میں آنے والوں کے لیے علاج کی سہولت پہنچانی ہوگی تا کہ اس بیماری کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مذہبی جماعتیں ہوں یا سیاسی ہمیں مل کر ایچ آئی وی کا مقابلہ کرنا ہے، کسی نے جان بوجھ کر ایچ آئی وی کو نہیں پھیلایا، ہماری کوشش ہے کہ اسکریننگ کو اور مؤثر کیا جائے۔

انھوں نے کہا کہ ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں کے حوالے سے متنازع بیان پر وفاقی وزیر کو ہٹایا جائے، ایچ آئی وی کا مسئلہ صرف سندھ کا نہیں پورے پاکستان کا ہے، متاثرہ بچوں کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو نے کہا کہ چیئرمین نیب کے حوالے سے پیپلزپارٹی کا موقف واضح ہے ،انہوں نے کہا کہ وہ کسی صورت بھی کسی کی ذاتی زندگی میں دخل اندازی نہیں کرینگے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ چیئرمین نیب کے حوالےسے وڈیوز صرف ان دو چینلزپر چلائی گئی جنکے مالکان کا وزیراعظم عمران خان سے ذاتی تعلق ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وڈیو اسکینڈل چیئرمین نیب کو بلیک میل کرنے کی کوشش ہے اور ہم اس کوشش کی مذمت کرتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان نیب کو زورزبردستی اور بلیک میلنگ کرکے چلانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب گردی اور ایف آئی اے کے ذریعے نظام چلانے کی وجہ سے کاروباری افراد خوفزدہ ہیں ۔اسی لیے صدر زرداری نے کہا تھا کہ نیب اور معیشت ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔

یہ بھی پڑھیے:چیئرمین نیب کے استعفے کا مطالبہ: مسلم لیگ ن کا یوٹرن؟

رتوڈیرو: 5224 میں سے 221 افراد میں ایچ آئی وی وائرس کی تصدیق

بلاول بھٹو نے کہا کہ نیب کالاقانون ہے اور یہ قانون ایک آمر کی طرف سے بنایا گیاہے۔ نیب سیاسی انجینئرنگ کے علاوہ کچھ نہیں کررہااور نہ ہی کچھ کریگا۔

ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو سے پہلے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے لاڑکانہ میں تعلقہ اسپتال رتوڈیرو کا دورہ کر کے ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں سے ملاقات کی، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، عذرا پیچوہو، مرتضیٰ وہاب اور نثار کھوڑو بھی ان کے ہمراہ تھے۔

بلاول بھٹو کو تعلقہ اسپتال رتو ڈیرو کے ڈاکٹروں کی جانب سے بریفنگ دی گئی، انھیں بتایا گیا کہ 32 دن میں رتو ڈیرو تعلقہ اسپتال میں 22 ہزار سے زائدافرادکی اسکریننگ کی گئی، بلاول بھٹو نے تعلقہ اسپتال کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس حوالے سے مزید کوششوں پر زور دیا۔

بلاول بھٹوزرداری  نے ایچ آئی وی اسکریننگ کیمپ میں مریضوں سے ملاقات بھی کی، انھوں نے ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں کے نئے قائم وارڈ کا بھی دورہ کیا، متاثرہ بچوں سے ملاقات کرتے ہوئے انھوں نے بچوں کے والدین کو حوصلہ بھی دیا۔


متعلقہ خبریں