سندھ میں تین نئے ایڈز ٹریٹمنٹ سینٹرز کے قیام کا فیصلہ

سندھ میں تین نئے ایڈز ٹریٹمنٹ سینٹرز کے قیام کا فیصلہ

لاڑکانہ: وفاقی حکومت محکمہ صحت سندھ کے ساتھ ملک کر صوبے میں تین نئے ایڈز ٹریٹمنٹ سینٹرز قائم کرے گی۔ یہ سینٹرز نواب شاہ، میرپورخاص اورحیدرآباد میں قائم کیے جائیں گے۔

ہم نیوز کے مطابق یہ فیصلہ وزیراعظم کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور سندھ کی وزیرصحت ڈاکٹڑ عذرا پیچوہو کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران کیا گیا۔

ڈاکٹر ظفر مرزا جان لیوا مہلک مرض ایڈز کے اندرون سندھ پھیلنے کے حوالے سے پیدا شدہ تشویشناک صورتحال کا خود جائزہ لینے کے لیے لاڑکانہ اور سکھر کے دورے پر پہنچے ہیں۔

وزیراعظم کے مشیر برائے صحت نے لاڑکانہ کے بعد ریجنل بلڈ سینٹر سکھرکا دورہ کیا اور سندھ کی وزیرصحت سے ملاقات کے دوران ایڈز سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

ذرائع کے مطابق ڈاکٹر ظفر مرزا اور ڈاکٹر عذرا پیچوہو کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ایڈز کو مزید پھیلنے سے روکنے، متاثرین کی بحالی اورآئندہ کی حکمت عملی کے متعلق غور و خوص کیا گیا۔

ہم نیوز کے مطابق وفاقی مشیر نے ملاقات میں کہا کہ جب عوام الناس کی صحت کا مسئلہ درپیش ہو تو پھرکاندھے سے کاندھا ملا کر ایک ٹیم کی طرح کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے صوبائی وزیرصحت کو یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت مرض پرقابو پانے، متاثرین کی بحالی اورلوگوں کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھنے کے لیے مکمل طورپر حکومت سندھ کے ساتھ تعاون کرے گی۔

وفاقی مشیر برائے صحت ڈاکٹر ظفرمرزا نے کہا کہ وفاقی وزارت صحت نیشنل ایڈز کنٹرول پروگرام کے ذ ریعے سندھ  کے متاثرہ علاقوں میں تشخیصی کٹ سمیت ادویات کی ترسیل کو یقینی بنائے گی۔

سندھ کی وزیرصحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو کو انہوں نے بتایا کہ قومی سطح پر صحت سے متعلق تمام اسٹیک ہولڈرز کا اجلاس بلایا تھا جس میں ماہرین نے صوبہ سندھ کے محکمہ صحت کو تمام ضروری تیکنیکی مدد و تعاون مہیا کرنے کی غرض سے اپنی خدمات فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے زور دے کر کہا کہ وفاق اور صوبے کو ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرکے وہ تمام اقدامات اٹھانے ہوں گے جن کی بدولت ہم وطنوں کو صحت سے متعلق درپیش خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے سندھ کی وزیرصحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو سے کہا کہ مستقبل میں ایڈز جیسے موذی و جان لیوا مرض سے بچاؤ کے لیے وفاقی وزارت صحت صوبائی محکمہ صحت کے ساتھ مل کر مختصرالمدتی اور طویل المدتی اقدامات اٹھائے گی۔


متعلقہ خبریں