لاہور: پاکستانی روپے کی ’بے قدری‘ اور امریکی ڈالرز کی ’اونچی اڑان‘ کی روک تھام کے لیے فیڈرل انوٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) لاہور نے کمر کس لی ہے۔
ہم نیوز کے مطابق ایف آئی اے لاہور کے ڈائریکٹر نے ڈالرز کی اونچی اڑان کے ’پر‘ کترنے کے لیے چھ ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جن کی سربراہی اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کریں گے۔
ذمہ دار ذرائع کے مطابق حکومتی ہدایات پر ڈالرز ذخیرہ کرنے اوراسے بلیک میں فروخت کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کے لیے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز ساجد امین، طارق مسعود، اعجاز احمد ، ریاض خان، رانا حیدر اور رانا شہوازکی سربراہی میں ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
ایف آئی اے کی تشکیل دی جانے والی ٹیمیں حوالہ ہنڈی کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کریں گی۔
ہم نیوز کے مطابق ایف آئی اے کی ہر ٹیم چار سے چھ اہلکاروں پر مشتمل ہوں گی اوریومیہ بنیادوں پر اپنی کارکردگی رپورٹس بھی پیش کریں گی۔