ملک کے بیشتر حصوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا



اسلام آباد: ملک کے بیشتر حصوں میں آج مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا جبکہ کئی مقامات پر بارش کا بھی امکان ہے، جنوبی پنجاب اور سندھ میں شدید گرمی رہے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں فیصل آباد، سرگودھا، ساہیوال، ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان (ڈی جی خان) میں بارش کا امکان ہے جبکہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

گلگت بلتستان اور کشمیر کے بھی بعض مقامات پر آندھی اور گرچ چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

کراچی کا موسم آج جزوی طور پر ابرآلود رہے گا جبکہ 26 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ شہر قائد کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں کراچی: رمضان المبارک میں ہیٹ ویو کا کوئی خطرہ نہیں، محکمہ موسمیات

گزشتہ روز ملک کے بیشتر علاقوں کا موسم گرم اور خشک رہا تاہم ڈی جی خان، بہالپور، مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، کوہاٹ، ڈی آئی خان، ژوب، مکران ڈویژن، گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں گرچ چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ لاہور، سرگودھا، کوئٹہ اور سکھر ڈویژن کے مختلف مقامات پر بوندا باندی ہوئی۔

اتوار کو سب سے زیادہ بارش گلگت بلتستان کے علاقہ بگروٹ میں 13 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ پارا چنار میں 6 ملی میٹر، لسبیلہ، ڈی جی خان میں 4 ملی میٹر، بالاکوٹ میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران سب سے زیادہ گرمی سندھ کے اضلاع سکرنڈ میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ، بھکر، تربت، مٹھی اور شہید بے نظیر آباد میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتہ ملک کے مختلف حصوں میں آندھی اور گرچ چمک کے ساتھ تیز اور ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ گرمی کی شدت میں کمی رہے گی۔


متعلقہ خبریں