پیر افضل قادری نے تحریک لبیک سے سبکدوشی کا اعلان کردیا

پیر افضل قادری نے تحریک لبیک سے سبکدوشی کا اعلان کردیا

فائل فوٹو


لاہور:تحریک لبیک کے سرپرست اعلیٰ پیر افضل قادری نے تحریکی جدوجہد سے سبکدوشی کا اعلان کرتے ہوئے حکومت، عدلیہ اور فوج سے ان کی دل آزادی پر معافی بھی مانگی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے یہ اعلان اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کیا ہے۔

پیر افضل قادری کی منظر عام پر آنے والی ویڈیو میں کہا گیا ہے کہ ’’میں حکومت ، عدلیہ اور چیف آف آرمی اسٹاف کی دل آزاری پر انتہائی معذرت خواہ ہوں‘‘۔

انہوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ انشاءاللہ العزیزتحریک لبیک کے ذمہ داران صورتحال کا ادراک کرتے ہوئے اور قیادت کی بھاری ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے معاملات بہتر کریں گے۔

پیر افضل قادری نے امید ظاہر کی ہے کہ تحریک کے ذمہ داران معاشرے کی اصلاح کے لیے کردار ادا کریں گے۔

تحریک لبیک سے سبکدوشی اختیار کرنے والے پیر افضل قادری نے منظر عام پر آنے والی ویڈیو میں اس یقین کا بھی اظہار کیا ہے کہ مملکت خداداد پاکستان کے آئین و قانون اور تمام اداروں کا احترام کیا جائے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ وطن عزیز پاکستان کی فلاح ، سلامتی ، قیام امن و امان کے لیے اوربد امنی کے خاتمے کے لیے کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان کے تحفظ کے لیے پاک افواج کے شانہ بشانہ ہوں گے۔

تحریک لبیک کے سرپرست  پیر افضل قادری نے اپنے ویڈیو پیغام میں آئندہ کے حوالے سے کہا ہے کہ اپنا نکتہ نظر قر آن و سنت اور آئین وقانون کی روشنی میں مناسب انداز میں بیان کیا جائے گا، جلاﺅ گھیراﺅ اور عوامی و سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی قطعا اجازت نہیں ہوگی اوردہشت گردی ، قتل وغارت ، فتنہ فساد اور فرقہ وارانہ مسلح کارروائیوں کی حوصلہ شکنی کریں گے۔

تحریک لبیک سے سبکدوشی اختیار کرنے والے پیر افضل قادری نے کارکنان کوہدایت کی ہے کہ کارکن اعلیٰ اخلاق کا مظاہرہ کریں، پر امن رہیں اورملکی سلامتی کے خلاف تمام امور سے اجتناب کریں۔

انہوں نے واضح کیا ہے کہ کوئی کارکن غیر اسلامی و غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہوا تو تحریک لبیک ڈسپلن کے تحت تا دیبی کارروائی کرے گی اوراس سے لاتعلقی اختیار کی جائے گی۔

پیر افضل قادری نے ویڈیو کے اختتام پر اپنی سبکدوشی کے حوالے سے کہا ہے کہ وہ علالت کے باعث گزشتہ سال ہی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرچکے تھے جس سے انہوں نے احباب کو بھی مطلع کردیا تھا لیکن چونکہ اب مزید علیل ہو گئے ہیں اور شدید جسمانی کمزوری بھی واقع ہوچکی ہے اس لیے تحریک کی عملی جدوجہد سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کررہے ہیں۔

انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں ان بیماریوں کا بھی ذکر کیا ہے جو انہیں لاحق ہیں۔

تحریک لبیک سے تعلق رکھنے والے پیر افضل قادری ماضی میں بھی اپنے متنازعہ بیانات کے حوالے سے متعدد مرتبہ سخت تنقید کی زد میں آچکے ہیں۔

پیر افضل قادری نے گزشتہ سال نومبر میں آسیہ مسیح کیس کے فیصلے کے بعد چیف آف آرمی اسٹاف اور سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس (ر) میاں ثاقب نثار کے خلاف انتہائی غیر مہذب اور متنازعہ زبان اسعمال کی تھی۔

تحریک لبیک کے خلاف کریک ڈاون کے دوران پیر افضل قادری اورمولوی خادم حسین رضوی کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔

پیر افضل قادری اورمولوی خادم رضوی اس وقت لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں۔


متعلقہ خبریں