کراچی: عارف میڈیکل کالج سیل، ہلال احمر اسپتال کا آپریشن تھیٹر بند کر دیا گیا


کراچی: سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کی ٹیم نے کراچی شہر کے مختلف اسپتالوں کا دورہ اور وہاں انتظامات کا جائزہ لیا۔

ترجمان کے مطابق انسداد اتائیت ڈائریکٹوریٹ کی ٹیم نے کارروائی میں حصہ لیا جس کے دوران ٹیم نے ہلال احمر اسپتال کےآپریشن تھیٹر کو بند کر دیا جبکہ عارف میڈیکل سینٹر کوطبی بےقاعدگیوں کی شکایت پر سیل کر دیا۔

انہوں نے بتایا کہ مزید 90 اسپتالوں نے رجسٹریشن کے لیے درخواستیں جمع کرائی ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ کمیشن کے شکایتی ڈایریکٹوریٹ نے سیفی اسپتال نارتھ ناظم آباد، کتیانہ میمن کھارادر اور تاج میڈیکل کے خلاف شکایات پر معائنہ کیا۔

مزید پڑھیں: ’کل تک دارالصحت اسپتال کے مالکان کو گرفتار نہ کیا گیا تو احتجاج کرینگے‘

ترجمان نے بتایا کہ 69 صحت مراکز کو رجسٹریشن سرٹیفیکٹ جاری کر دِیے گئے جبکہ اب تک 4414 اسپتالوں کی رجسٹریشن مکمل کی جاچکی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ انسداد اتائیت ڈائریکٹوریٹ کی ٹیم نے ہزارہ کالونی اور قیوم آباد کے مختلف علاقوں کا بھی دورہ کیا۔

سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کا دورہ ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب کراچی کے دارالصحت اسپتال میں غلط انجیکشن کے باعث ننھی نشوا اس دنیا سے چل بسی۔

آج کراچی پریس کلب پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے نشوا کے والد قیصر علی کا کہنا تھا کہ ہفتے کی شام تک دارالصحت اسپتال کے مالکان اور انتظامیہ کو گرفتار نہ کیا گیا تو اتوار کو احتجاج کیا جائے گا۔

انہوں شبہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معاملے پر سست روی سے لگتا ہے کہ اداروں پر گرفتاریوں کے حوالے سے دباؤ ہے۔

مزید پڑھیں: نشوا کی ہلاکت، ملزمان کے ریمانڈ میں تین روز کی توسیع

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے تین میں سے صرف ایک مطالبے پر عمل کیا گیا ہے تاہم وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور آئی جی سندھ کلیم امام نے ملاقات میں تمام مطالبات پورے کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دو مطالبات ہیں۔ دارالصحت اسپتال کے مالکان اور انتظامیہ کی گرفتاری اور  اسپتال کے خلاف ریٹائرڈ کمیشن کی نگرانی میں انکوائری کمیشن بنایا جائے۔

نشوا کو دارالصحت اسپتال میں مبینہ طور پر غلط انجیکشن لگایا گیا تھا جس سے وہ ابتداء میں معذور ہوئی، پھر اس کےعلاج کی کوششیں کی گئیں، نشوا پہلے دارالصحت اور پھر لیاقت نیشنل اسپتال میں کئی روز تک زیرعلاج رہنے کے بعد دو روز قبل انتقال کرگئی تھی۔

غلط انجیکشن لگنے سے نشوا کا 71 فیصد دماغ مفلوج ہوا تھا اور دماغ میں آکسیجن نہ پہنچنے کے باعث بچی کے ہاتھ پاؤں بھی ٹیڑھے ہوگئے تھے۔ غفلت برتنے کے الزام میں دارالصحت اسپتال انتظامیہ کیخلاف شارع فیصل میں مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔

اسپتال انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کرانے میں بھی بچی کے والدین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

دو روز قبل معاملے پر سندھ ہیلتھ کئیر کمیشن نے غیر تربیت یافتہ عملے کو فارغ کرنے اور پانچ لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا تھا۔


متعلقہ خبریں