’ثابت ہوگیا نواز شریف جیل سے نجات اور لندن جانا چاہتے ہیں‘

جیل میں رکھنا اور نکالنا حکومت کا نہیں عدالتوں کا کام ہے، فردوس عاشق اعوان

 

اسلام آباد: معاون خصوصی وزیراعظم برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بڑے میاں صاحب کی بیماری کے ڈرامےکا بھی کلائمکس آن پہنچا ہے۔

اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک علاج کی درخواست سے ثابت ہوگیا کہ میاں صاحب جیل سے نجات اور لندن جانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مریم اورنگزیب کرپٹ ٹولے کی ترجمان ہیں، ان کی ترجمانی پاپڑ والے سے نکلنے والے اربوں روپے نہیں چھپا سکتی۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بلاول صاحب آپ کو عوام کے درد کا احساس ہونا کسی تعجب سے کم نہیں، غریب آج اس لیے غریب ہے کیونکہ اس کے وسائل پر دونوں جماعتوں نے ڈاکہ ڈالا۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب ایک صحفے پر ہیں، فردوس عاشق اعوان

انہوں نے کہا کہ بلاول صاحب آپ روزمرہ کی چیزوں کے نرخ بتا دیں تو یہ کسی معجزے سے کم نہیں ہوگا۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ معاشی حالات کا ذمہ دار پی پی پی اور ن لیگ کی غلط پالیسیاں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی نے چوری اور سینہ زوری دیکھنی ہو تو اپوزیشن کے رہنماؤں اور ترجمانوں کی تقریریں اور بیانات دیکھ لے۔

اپنے بیان میں انہوں نے بلاول کو شاہ محمود قریشی کی شاگردی میں آنے کی آنے کی دعوت بھی دے دی۔

دوسری جانب فردوس عاشق اعوان کے بیان پر اپنے ردعمل میں ‎پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ اللہ کی شان ہے دوسروں پہ وہ خاتون الزام لگا رہی ہے جو پچھلی دفعہ وزارت سے جاتے ہوئے تین بسیں لے گئی۔

یہ بھی پڑھیں: ایل این جی فراڈ کو سامنے لایا جائے گا، فردوس عاشق اعوان

انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ نیب تحقیقات کرکے فردوس عاشق عوان سے جلد تین بسیں برآمد کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ‎درجن جماعتوں کی ترجمانی کرنے والے جمع ہوکر بھی عمران نیازی کا جھوٹ سچ نہیں بناسکے۔

رانا ثناءاللہ نے کہا کہ ‎ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے مطابق غریب اس لئے غریب ہے کیونکہ وزیراعظم کے حکم پر گیس کے بل کا ڈاکہ ڈالا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ‎ترجمان صاحبہ کی قانونی شہادت پر وزیراعظم کے خلاف عوام سے جعلسازی، دھوکہ دہی اور ڈاکہ کی کاروائی ہونی چاہئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ‎فردوس عاشق ایوان کا جھوٹ اور چوری کا تجربہ بھی دس فیصد مہنگائی کم نہیں کرسکتا۔


متعلقہ خبریں