سابق وزیر صحت عامر کیانی نے کرپشن کے الزامات مسترد کر دیئے



اسلام آباد: سابق وزیر صحت عامر کیانی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کےساتھ میرا 23 سال کا تعلق ہے اور وہ بہتر جانتے ہیں کہ انہیں کسے کون سی وزارت دینی ہے یہ نہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام پاکستان ٹونائٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں عمران خان کا کھلاڑی تھا ہوں اور رہوں گا اور اگر وہ مجھے کہیں کے ایم این اے شپ چھوڑ دیں تو میں وہ بھی چھوڑ دوں گا۔

ادویات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ادویات کی قیمتوں سے متعلق وزیراعظم کو سخت تشویش تھی،  قیمتوں میں اضافے کا تعین اور اس کی سمری مسلم لیگ ن کی حکومت میں دی گئی تھی، اور اس حوالے سے سپریم کورٹ نے احکامات دیئے کہ اس سمری پر من و عن عمل کرتے ہوئے قیمتوں میں اضافہ کیا جائے۔

کرپشن کے الزامات کو رد کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں حاضر ہوں جو بھی ادارہ میرے خلاف تحقیقات کرنا چاہتا ہے کر لے میرا دامن صاف ہے۔

انہوں نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد عمران خان پریشان تھے اور مجھے اندازہ تھا کہ کوئی ایسا فیصلہ آ جائے گا۔

حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا ہے، فیصل جاوید خان

سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا کہ ہمارے پاس سبق موجود ہے کہ جو غلط فیصلے مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے کئے وہ ہم نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے کے پی کے میں گڈ گورننس کی ایسی مثال قائم کی کہ پہلی مرتبہ کے پی کے ایک حکومت کو دوسری مرتبہ موقع دیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا ہے اب اگلا مقصد ملک کو معاشی طور پر مزید مضبوط کرنا ہے۔

عمران خان نے اپنی ٹیم پر خود سرجیکل اسٹرائیک کر دی،  نفیسہ شاہ 

رہنما پیپلز پارٹی نفیسہ شاہ نے کہا کہ عمران خان نے اپنی ٹیم پر خود سرجیکل اسٹرائیک کر دی ان کی موجودہ ٹیم چوں چوں کا مربہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف جتنی بھی ٹیم بدل دے کوئی فائدہ نہیں کیوں کہ کپتان ٹھیک نہیں ہے۔

پی ٹی آئی کے نظریاتی لوگ  کہیں دور چلے گئے ہیں، طارق فضل چوہدری

رہنما مسلم لیگ ن طارق فضل چوہدری نے کہا کہ حکومت نے اب جو تبدیلیاں کی ہیں اس سے یہی پیغام گیا ہے کہ یہ لوگ کام نہیں کر رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو پی ٹی آئی کے نظریاتی لوگ ہیں وہ کہیں دور چلے گئے ہیں جبکہ نئے لوگوں نے ان کی جگہ لے لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسد عمر کے بارے میں سات سال سے کہا جا رہا تھا کہ یہ ہمارے وزیر خزانہ ہیں انہوں نے 7 ماہ میں جو گل کھلائے ہیں وہ سب کے سامنے ہیں۔


متعلقہ خبریں