منی لانڈرنگ کی تفصیلات عوام تک پہنچائیں، وزیراعظم کی ہدایت


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کو ہدایت کی ہے کہ منی لانڈرنگ کی تفصیلات عوام تک پہنچائی جایئں۔

وزیراعظم نے فواد چوہدری سے ملاقات کے دوران کہا کہ اگر حدیبیہ کیس کا فیصلہ میرٹ پر ہوتا تو آج ملک میں منی لانڈرنگ ختم ہوچکی ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ اگر جنرل مشرف کی جانب سے حدیبیہ کیس میں شریف فیملی کو این آر او نہ ملتا اور اس کیس کا فیصلہ میرٹ پر کیا جاتا تو آج پاکستان میں منی لانڈرنگ کا خاتمہ ہوچکا ہوتا۔

ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے حدیبیہ کیس میں ملنے والے این آر او کو آئندہ تمام کیسز میں ماڈل کے طور پر استعمال کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اب تک منی لاندڑنگ سے متعلق منطرعام پر آئے تمام کیسز میں حدیبیہ کیس کا ماڈل استعمال کیا گیا ہے جہاں اپنے فرنٹ مینوں کے ذریعے پیسہ ملک سے باہر بھیجا گیا اور پھر واپس منگوایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کا کراچی کیلئے 162 ارب روپے کے پیکج کا اعلان

انہوں نے کہا کہ  نواز شریف اور آصف زرداری کے پیسے میں یہی ماڈل سامنے آیا ہے۔

وزیراعظم نے وزیراطلاعات کو تمام تفصیلات سے عوام کو آگاہ کرنے کی ہدایت کی تاکہ عوام کو گمراہ کرنے والوں کا اصل چہرہ عوام کے سامنے آسکے۔

عمران خان نے کہا کہ ملکی معیشت پر ان سیاہ کاریوں کے نقصانات سے ان لوگوں کو آگاہ کیا جا سکے جو آج مہنگائی اور بیرونی قرضوں کی دلدل میں پھنسے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پچھلے دس سالوں میں  لیے جانے والے ساٹھ ارب ڈالر بیرونی قرضے کا حساب لیا جانا چاہیے کہ عوام کو مقروض بنا کر اس خطیر رقم سے کس نے اپنی ذاتی تجوریاں بھری ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے بے نامی قانون کے تحت جو قوائد اور رولز بنائے ہیں اس سے منی لانڈرنگ پر قابو پانے اور دوسروں کے نام پر جائیدادیں رکھنے کی حوصلہ شکنی میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔


متعلقہ خبریں