معیشت کی بحالی کا معاملہ، حکومت اور اپوزیشن کے ایک دوسرے پر الزامات


اسلام آباد: پاکستان کی گرتی ہوئی معیشت کی بحالی کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن نے ایک دوسرے پر الزامات کی بارش کردی۔

ہم نیوز کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں حکومتی وزیر کہتے ہیں کہ ہمیں معیشت انتہائی ابتر حالت میں ملی بحالی میں وقت لگے گا جبکہ اپوزیشن رہنماؤں کا کہنا ہے کہ جب ہم حکومت میں آئے تو بھی معیشت برے حال ہی میں ملی تھی، موجودہ حکومت کچھ نہیں کررہی۔

حکومت نے آئی ایم ایف سے ڈالر کو 160 تک لے جانے کا وعدہ کیا ہے، اسحاق ڈار

سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم نے خود مسائل کھڑے کیے ہیں جبکہ ملک کی معیشت بہتر صورتحال میں چل رہی تھی۔ پاکستان خوشحالی کی ڈگر پر چل رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ لیکن ڈان اور پانامہ لیکس جیسے معاملات کے باعث معیشت اثر انداز ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ آپ تنہا نہیں چل سکتے موجودی حکومت نے ایسے اقدامات کیے جس کے باعث سرمایہ کاروں کا اعتماد اٹھ گیا۔

اسحاق دار نے کہا کہ اب بھی وہ وعدے کیے ہیں جو ملک کے لیے اچھے نہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ موجودہ  حکومت نے آئی ایم ایف نے سے وعدہ کیا ہے کہ دو سال میں ڈالر کو 160 تک لے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ خدارا اس صورتحال کو قابو کریں ورنہ معیشت تباہ ہوجائے گی۔ اس وقت غریب اور مڈل کلاس طبقہ انتہائی مشکلات کا شکار ہے۔ حکومت کو چاہیے مستعفی ہوجائے۔

 ڈان لیکس اسحاق ڈار پر سوار ہے،عثمان ڈار

اسحاق ڈار کو جواب دیتے ہوئے حکومتی وزیر عثمان ڈار نے کہا کہ ہماری اپنی حکمت عملی ہے اور ان کی اپنی حکمت عملی تھی۔ اگر آج ہم آئی ایم ایف کے پاس جائیں گے تو اپنی شرائط پر۔

انہوں نے کہا کہ ڈان لیکس اسحاق ڈار پر سوار ہے کیونکہ انہوں نے نواز شریف کے اثاثے افشاں کیے اور اب ملک سے فرار ہیں۔ گزشتہ حکومت دو بلین کا خسارہ چھوڑ کرگئی۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن صرف سیاست کررہی ہے۔ ہمیں کم از کم دو سے تین سال کا وقت تو دیا جائے۔ ہم چھ ارب روز انہ دے رہے ہیں۔ ہم ان کا سود اتار رہے ہیں۔ گزشتہ حکومت کو عوام کا احساس نہیں تھا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان اور نواز شریف کی معاشی پالیسیاں ایک ہیں،بلاول بھٹو

عثمان ڈار نے کہا کہ ہم یونی ورسٹیاں اور اسپتال بنانا چاہتے ہیں۔ گزشتہ حکومت نے کیا کیا۔ ملک کو تباہ کیا تمام بڑے ادارے تباہ ہوئے۔

پروگرام کے دوران عثمان ڈار نے پر مزاح انداز میں کہا کہ کیا ڈار سے پوچھا جاسکتا ہے کہ وہ کب واپس آرہے ہیں۔

ہم نے پی ٹی آئی کو ایک خوشحال پاکستان دیا،خرم دستگیر

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خرم دستگیر نے کہا کہ معیشت کی بدحالی کی بڑی وجہ حکومت کی نااہلی ہے۔ ملک میں انتہا درجے کی مہنگائی کردی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی موجودہ اقدامات سے ملکی مسائل حل نہیں ہوں گے۔ معیشت اس وقت صرف نقصان میں جارہی ہے۔ 2013 میں دہشت گردی اور مسائل میں ڈوبا ہوا پاکستان ملا تھا ہم نے انہیں ایک خوشحال پاکستان دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم گجرانوالہ میں انہیں اسپتال بنا کر دے کر گئے انہوں نے اسے کھولا ہی نہیں۔ اس حکومت کی کوئی حکمت عملی نہیں۔


متعلقہ خبریں