ایل او سی پر صورت حال بہتر ہوئی ہے، آئی ایس پی آر

بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک پاکستانی شہری شہید، ایک زخمی

فائل فوٹو


اسلام آباد: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر صورت حال گزشتہ دنوں کے مقابلے میں نسبتاً بہتر ہوئی ہے۔

لائن آف کنٹرول پر گزشتہ 24 گھنٹے کی صورت حال سے متعلق آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارتی فوج کی سویلین آبادی پر فائرنگ سے ایک شہری زخمی ہوا۔ 26 سالہ زخمی شہری کی شناخت شرافت  سے ہوئی ہے جو ڈیرہ شیر خان گاؤں کا رہائشی ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستانی فوجی دستے بھارتی فوج کی جارحیت کا بھر پور جواب دے رہے ہیں۔ پاکستان نیوی نے سمندری حدود میں بھارتی سب میرین کا سراغ لگایا ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان نیوی نے کسی بھی ممکنہ مس ایڈوینچر کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔ پاک بحریہ اور پاک فضائیہ ملکی دفاع کے لیے پوری طرح چوکس ہیں۔

واضح رہے آج  بھارتی فوج کو فضائی  اور بری محاذ کے بعد بحری حدود پر بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ترجمان پاک بحریہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی بحری فوج نے اپنے سمندری زون میں موجود بھارتی آبدوز کا سراغ لگا لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت کشیدگی میں پاکستان کا کردار مثبت رہا، مرکنڈے کاٹجو

پاک بحریہ نے اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارتوں کے ساتھ ہر دم چوکنا رہتے ہوئے کامیابی سے بھارتی آبدوزکا سراغ لگا کر اسے پاکستان کے پانیوں میں داخل ہونے سے روک دیا ہے۔

پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کی اپنی موجودگی کو خفیہ رکھنے کی ہر کوشش کو نا کام بنایا۔ نومبر 2016 کے بعد یہ دوسرا موقع ہے جب پاک بحریہ نے بھارتی آبدوزکا سُراغ لگایا ہے۔

دوسری جانب بھارت نے کئی روز سے ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی شروع کر رکھی ہے جس کے باعث پاکستانی علاقوں میں کئی شہری شہید ہوچکے ہیں۔ پلوامہ میں ہونے والے حملوں  کے بعد سے پاک بھارت کشیدگی جاری ہے جس کا ذمےدار بھارت ہے۔ اس واقعہ کے بعد پہلے کو بھارت نے پاکستان پر حملے میں ملوث ہونے کے الزامات لگائے اور پھر پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی لیکن پاک فضائیہ نے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے ایک مرتبہ بھارتی جنگی طیاروں کو بھاگنے پر مجبور کر دیا جبکہ دوسری مرتبہ مار گرایا۔

بھارت کی جابب سے اب بھی کشیدگی میں کمی کے کوئی آثار دکھائی نہیں دے رہے اور وہ ایل او سی پر مسلسل جنگ بندی معاہدے کی خلاف ارزی کررہا ہے۔


متعلقہ خبریں