’بی جے پی فوجیوں کی قربانیاں سیاسی مقاصد کے لئے استعمال نہ کرے‘



بھارتی انتہا پسند حکومت کی جانب سے پاکستان کے مسلسل امن کے پیغام کے باوجود جنگ مسلط کرنے کے اقدام کے خلاف اب بھارت کے اندر سے بھی آوازیں اٹھنا شروع ہو گئی ہیں۔

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کے نام جاری اپنے ایک ویڈیو پیغام میں ایک بھارتی افسر کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ میں ایک فوجی افسر کی بیوی ہوں اور تمام فوجیوں کے خاندان کی طرف سے یہ کہنا چاہتی ہوں کہ ہمارے فوجیوں کی ملک کے لئے دی گئی قربانیوں کو سیاست کی نظر نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ ایک فوجی بننے کے لئے بڑی ہمت چاہئے ہوتی ہے، ابھی نندن کا خاندان اس وقت کتنے قرب سے گزر رہا ہے اس کا آپ اندازہ نہیں لگا سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک پاک بھارت سرحد پر جنگی تناؤ کی کیفیت رہتی ہے تب تک کم از کم کوئی سیاسی ریلیاں نہ نکالی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے سیاستدان ہمارے فوجی جوانوں کی قربانیوں کو اپنی چند سیٹوں کے لئے استعمال کرنے کی ہمت نہ کریں۔

واضح رہے بھارت میں پلوامہ حملے کے بعد بدلے کی آگ میں جنگی جنون سوار ہے جس کا خمیازہ بھی بھگت چکا ہے۔ پاکستان کی سرحد کی خلاف ورزی کرنے پر دو بھارتی جنگی طیاروں کو پاکستان کی فضائیہ نے مار گرایا تھا ۔

پیراشوٹ کی مدد سے بچ جانے والے ایک بھارتی طیارے کے پائلٹ کو پاکستانی فوج نے گرفتار کر لیا تاہم وزیراعظم عمران خان نے جذبہ خیر سگالی کے طور پر اسے رہا کرنے کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعظم کے اعلان کا خیرمقدم بھارت سمیت دنیا بھر کے سیاسی سربراہان اور انسانی حقوق کے نمائندوں نے کیا تاہم بھارت کی حکومت کی جانب سے ابھی بھی کوئی لچک نہیں دکھائی جا رہی۔


متعلقہ خبریں