پاک بھارت کشیدگی ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، امریکی صدر

چین سے خوش نہیں ہوں، ڈونلڈ ٹرمپ

فوٹو: فائل


واشنگٹن: امریکی صدر نے کہا ہے کہ ہم پاک بھارت کشیدگی ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک بھارت کشیدگی پر اپنے رد عمل میں کہا کہ امید ہے خطے میں جلد امن قائم ہو جائے گا جب کہ خطے میں امن کے لیے ہماری کوششیں بھی جا ری رہیں گی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امید ہے پاکستان اور بھارت کشیدگی کو راستہ نہیں اپنائیں گے، ہمیں جو خبریں مل رہی ہیں اس سے لگتا ہے کہ کشیدگی جلد ختم ہو جائے گی۔ ہمیں دونوں اطراف سے اچھی خبروں کی امید ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاک بھارت کی موجودہ صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں۔

گزشتہ روز امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے بھارتی دراندازی کے بعد اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان اور بھارت معاملات کو مزید کشیدہ کرنے سے گریز کریں۔

مائیک پومپیو نے پاکستان اور بھارت کو مشورہ دیا تھا کہ کسی بھی قیمت پر مسئلہ حل کیا جائے اور مزید ملٹری سرگرمیاں بند کی جائیں۔

امریکی وزیرخارجہ نے دنوں ممالک کے سفیروں سے بھی ملاقات کی اور مسئلے کا براہ راست حل ڈھونڈنے کا مشورہ دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں

پاک بھارت کشیدگی، سینکڑوں افراد محفوظ مقام پر منتقل

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی اس بات پر زور دیا تھا کہ پاکستان اور بھارت کو موجودہ صورتحال میں انتہائی تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

انتونیو گوتریس نے کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان موجود صورت حال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔

چین نے بھی بھارت کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر دونوں ممالک کو صبر و تحمل سے معاملات کو حل کرنے پر زور دیا تھا۔

اس حوالے سے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ میں اہم سفیروں سے ملاقاتیں کیں اور اُنہیں پاکستانی مؤقف سے بھی آگاہ کیا تھا جب کہ خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششیں جاری ہیں۔


متعلقہ خبریں