ترکی میں اعلیٰ تعلیم بذریعہ اسکالرشپس: طلبا کی منتظر


اسلام آباد: ترکی کی بہترین یونیورسٹیوں میں اسکالرشپس کے ذریعے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہش مند طلبا کے پاس درخواستیں بھیجنے کے لیے محض دو دن کا وقت رہ گیا ہے۔

ترکی کا ادارہ برائے سمندرپار ترک اور ترک برادری Presidency for Turks Abroad and Related Communities جسے ” YTB ” کے نام سے یاد کیا جاتا ہے نے غیر ملکی طلبا کو ترکی میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کی غرض سےاسکالر شپ فراہم کرنے کی غرض سے 2019 کے لیے جو درخواستیں وصول کرنا شروع کرنا شروع کی تھیں، اس کی آخری تاریخ 20 فروری 2019 ہے۔

ترکی کے نشریاتی ادارے ’ٹی آرٹی‘ کے مطابق YTB کی جانب سے فراہم کردہ ’ترکیہ اسکالرشپ‘ ترکی کی بہترین یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے حصول، تعلیم مکمل کرنے اور شارٹ ریسرچ پروگرام کے زیرعنوان مختلف کیٹگریز میں حکومت ترکی کی جانب سے مالی وسائل فراہم کرتے ہوئے میرٹ کے مطابق اسکالرشپ دی جاتی ہے۔

ترکیہ اسکالر شپس کے لیے درخواستیں دستی یا ڈاک کے ذریعے وصول نہیں کی جائیں گی۔ درخواستوں کے ساتھ کسی بھی قسم کی ادائیگی بھی نہیں کرنی ہوگی۔

ٹی آر ٹی کے مطابق درخواستیں براہ راست انٹرنیٹ کے ذریعے YTB  کو بھجوانی ہوں گی۔

ترکی کے ادارے برائے سمندرپار ترک اور ترک برادری کی اسکالرشپس گریجویشن، پوسٹ گریجویشن اور ڈاکٹریٹ کے لئے دی جاتی ہیں۔

دستیاب سرکاری اعداد و شمار کیے مطابق 2018 میں ایک لاکھ 35 ہزار طلبا نے ترکیہ اسکالرشپس کے لیے درخواستیں جمع کرائی تھیں۔

ترکی میں اس وقت دنیا کے 160 ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبا جن کی تعداد 17 ہزار 500 ہے، ملنے والی اسکالرشپس کے ذریعے اعلیٰ تعلیم حاصل کررہے ہیں۔

ترکیہ اسکالرشپس حاصل کرنے کے خواہش مند طلبا کا پہلے مرحلے میں دستاویزات، متعلقہ سرٹیفکیٹس اور ڈگریوں کا جائزہ لینے کے بعد دنیا کے 100 مقامات پر انٹرویو لیا جاتا ہے۔

انٹرویوز میں کامیاب ہونے والے طلبا کو ترکیہ اسکالرشپس دی جاتی ہیں۔ اسکالرشپس حاصل کرکے ترکی آنے والے طلبا پہلےسال ترکی زبان کا کورس مکمل کرنے کے بعد اپنی متعلقہ یونیورسٹیوں میں تعلیم کا سلسلہ شروع کردیتے ہیں۔

ترکیہ اسکالرشپس میں گریجویشن، پوسٹ گریجویشن، ڈاکٹریٹ اور ریسرچ اسکالر شپ حاصل کرنے والے طلبا کو قیام وطعام اور اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے ایک مخصوص رقم بھی دی جاتی ہے۔

اسکالر شپس حاصل کرنے والے تمام طلبا کو ترکی میں قیام کے دوران صحت کی سہولیات بھی فراہم کی جاتی ہیں۔ اس مقصد کے لیے ان کی ہیلتھ انشورنس کا پریمیم بھی ادا کیا جاتا ہے۔

اسکالر شپس حاصل کرنے والے تمام طلبا کو پہلی بار ترکی آنے اور اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد واپس اپنے ملک جانے کی ائیر ٹکٹ بھی حکومت ترکی کی جانب سے ادا کی جاتی ہے۔

ترکی کی یونیورسٹیوں میں اسکالرشپس حاصل کرنے کے خواہش مند طلبا درج ذیل ویب سائٹ سے رجوع کرسکتے ہیں۔
www.turkiyeburslari.gov.tr


متعلقہ خبریں