سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان، جڑواں شہروں کا ٹریفک پلان

سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان، جڑواں شہروں کا ٹریفک پلان

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی پاکستان آمد کے موقع پر جڑواں شہروں کا ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ٹریفک پلان جاری کرتے ہوئے شہریوں کو غیر ضروری سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا۔

جاری کردہ ٹریفک پلان کے مطابق لاہور سے اسلام آباد آنے والی ہیوی ٹریفک کا روات سے ایکسپریس وے داخلہ بند ہو گا جب کہ کاک پل سے کرال چوک اسلام آباد ایکسپریس وے بھی ہیوی ٹریفک کے لئے بند رہے گا۔

پشاور سے براستہ جی ٹی روڈ اور موٹروے سے اسلام آباد پہنچنے والی ہیوی ٹریفک کا 26 نمبر چونگی سے کشمیر ہائی وے پر داخلہ بند ہو گا جنہیں پشاور روڈ صدر کی جانب موڑ دیا جائے گا۔ اسی طرح آئی جے پی روڈ پر نائنتھ ایوینیو اور فیض آباد کی جانب داخلہ بھی بند رہے گا۔

وی وی آئی پی موومنٹ کے دوران مری اور آزاد کشمیر سے اسلام آباد آنے والی ہیوی ٹریفک کو سترہ میل ٹول پلازہ سے مری موٹروے کی جانب موڑ دیا جائے گا۔

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاہدوں، یاداشتوں کی تفصیلات

ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ راولپنڈی سے اسلام آباد آنے والے نائنتھ ایونیو کا راستہ استعمال کریں جب کہ ائرپورٹ جانے والے مسافر بھی کشمیر ہائی وے اور نائنتھ ایونیو کا راستہ استعمال کر سکیں گے۔

فیض آباد سے راول ڈیم اور کشمیر چوک جانے والا راستہ بھی ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔

سعودی ولی عہد کی آمد کے موقع پر جڑواں شہروں میں چلنے والی میٹرو بس سروس کو بھی راولپنڈی تک محدود کر دیا گیا جب کہ ریڈ زون مکمل طور پر سیل ہے۔

راولپنڈی میں سیکیورٹی کو مد نظر رکھتے ہوئے دن کے اوقات میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ مکمل طور پر بند رہے گا جب کہ بوقت ضرورت ائرپورٹ روڈ پر چوہان چوک سے راول روڈ اور مری روڈ سے ڈبل روڈ کی جانب ٹریفک موڑ دیا جائے گا۔

چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی محمد بن اشرف کے مطابق شہر میں رش والی جگہوں پر خصوصی نفری تعینات رہے گی۔