پاکستان میں دہشت گرد تنظیموں کا وجود نہیں ہے، شاہد خاقان


آکسفرڈ: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اورسابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پلوامہ حملے کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان میں دہشت گرد تنظیموں کا کوئی وجود نہیں ہے۔

ہم نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم نے برطانوی شہر میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں پوری دنیا دہشت گردی کو شکست دینے میں ناکام رہی لیکن پاکستان نے تنہا اپنی سرزمین پر دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتی ہے۔

پی ایم ایل (ن) کے مرکزی رہنما نے واضح کیا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مستحکم پاکستان کے لیے مضبوط جمہوریت ضروری ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما نے مسئلہ کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

شاہد خاقان عباسی نے آکسفرڈ میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں کہا کہ دونوں ممالک ایٹمی طاقت ہیں لہذا انہیں اپنے مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنے چاہئیں۔

پلوامہ حملے کے بعد گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ فاروق عبداللہ نے دعویٰ کیا تھا کہ مسئلہ کشمیر بندوق سے نہیں مذاکرات سے حل ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پلوامہ حملے کا الزام صرف پاکستان کو نہیں دیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقامی کشمیری جدوجہد میں شامل ہیں۔

 


متعلقہ خبریں