اسپیڈ اسٹار شعیب اختر کا کرکٹ لیگز میں واپسی کا اعلان

February 12, 2019


اسلام آباد: پاکستان کے سابق ٹیسٹ بولر شعیب اختر نے نوجوان کھلاڑیوں کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں بھی لیگز کھیلوں گا اور دکھا دوں گا کہ تیزی ہوتی کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں اسپیڈ اسٹار کا کہنا تھا کہ آج کل کے بچوں کو لگتا ہے کہ وہ میرے پیس کو چلینج کر سکتے ہیں، اب میں انہیں بتاؤں گا کہ تیز بولنگ کہتے کسے ہیں۔

واضح رہے 2011 کے ورلڈ کپ کے دوران شعیب اختر نے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیر آباد کہنے کا فیصلہ کیا تھا، کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد شعیب اختر نے ملکی و بین الاقوامی میچوں میں کمنڑی اور تجزیہ کاری بھی کی۔

ان کے کیرئر پر نظر دوڑائیں تو شعیب اختر نے 1997 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور ٹیسٹ کیریئر میں انہوں نے 46 ٹیسٹ میچوں میں 25 کی اوسط سے 178 وکٹیں حاصل کیں تاہم فٹنس مسائل نے انہیں محدود اوورز کی کرکٹ تک محدود کردیا تھا۔

انہوں نے اپنا آخری ٹیسٹ دسمبر2007 میں بھارت کے خلاف بنگلور میں کھیلا تھا۔

شعیب اختر نے 163 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں 24 کی اوسط سے247 وکٹیں حاصل کیں جبکہ 15 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں ان کی حاصل کردہ وکٹوں کی تعداد 19 رہی۔

متعلقہ خبریں

ٹاپ اسٹوریز