نیویارک: عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستانی بینکوں کا آؤٹ لک مستحکم سے منفی کردیا ہے، موڈیز کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی بینکوں نےحکومتی بانڈز میں بہت رقم لگا رکھی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اگلے ڈیڑھ سال تک بینکوں کو نچلی پروفائل کےسرکاری بانڈز کے چیلنج سے نمٹنا ہوگا، بینکوں کو سست معیشت کے ساتھ کام کرنے میں مشکلات کا سامنا رہے گا۔
واضح رہے موڈیز نے گزشتہ سال آئی ایم ایف کے پلان کو پاکستان کے لئے اہم قرار دیا تھا جبکہ موڈیز نے سی پیک سے متعلق کہا کہ ان منصوبوں کے تحت لیے گئے قرضوں سے پاکستان کی مالیاتی ادائیگیوں کے مسائل میں اضافہ ہوا ہے۔
موڈیز کے مطابق آئی ایم ایف کے پچھلے پروگرام کے نتیجے میں توازن ادائیگی عدم استحکام کا شکار ہوا تھا لیکن اس بار اس سلسلے میں صورتحال کو بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔
موڈیز کے مطابق اگلے سال سکوک اور یورو بانڈ ز کی مد میں ایک ارب ڈالر کی ادائیگیاں اورعالمی مارکیٹ میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث درآمدی بل زیادہ رہے گا جو ملکی معیشت کے لیے مزید مشکلات کا سبب بنے گا۔
واضح رہےعالمی ریٹنگ ایجنسیوں کے نزدیک آئی ایم ایف کی بہت اہمیت ہوتی ہے۔ جیسے ہی آئی ایم ایف کسی ملک کے ساتھ معاشی پروگرام کا معاہدہ کرنے کا اعلان کرتا ہے تو یہ ادارے فوری طور پراس ملک کی ریٹنگز بہتر کردیتے ہیں۔