عمران خان کے خلاف نااہلی کی درخواست خارج

فوٹو: فائل


اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف نااہلی کی درخواست خارج کر دی ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان کی نااہلی سے متعلق دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔

عمران خان کے خلاف دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ عمران خان نے کاغذات نامزدگی میں اپنی بیٹی کو چھپایا ہے جب کہ کیلیفورنیا کی عدالت نے عمران خان کے خلاف فیصلہ سنایا تھا۔

عدالت نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ آپ کا کیس آئین کے کس آرٹیکل کے تحت ہے ؟ کیا آپ نے آرٹیکل 63 ایچ دیکھا ہے جو کہ اخلاقی اقدار سے متعلق ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ جو الزام لگا رہے ہیں وہ اخلاقی معاملے سے متعلق ہے اور ذاتی نوعیت کے الزامات سے متعلق آئین نے طریقہ کار طے کر رکھا ہے جب کہ آپ خود بھی حافظ ہیں اور اسلام میں ذاتی زندگی پر پردہ ڈالنے کا حکم ہے۔

شہدا فاؤنڈیشن کے حافظ احتشام نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں وفاق، اسپیکر قومی اسمبلی، الیکشن کمیشن، وزارت خارجہ اور عمران خان کو فریق بنایا تھا۔

اس سے قبل 18 اکتوبر 2018 کو سپریم کورٹ نے مسلم لیگ نون کے رہنما حنیف عباسی کی جانب سے عمران خان کی نااہلی کی درخواست بھی خارج کر دی تھی جس میں اثاثے چھپانے اور ممنوع ذرائع سے پارٹی فنڈز لینے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں