وزیراعظم کی تمام اراکین اسمبلی کو عوام سے رابطے میں رہنے کی ہدایت

وزیر اعظم کا اسمگلنگ میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی کا حکم

فوٹو: فائل


اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تمام ممبران قومی اسمبلی اپنے حلقوں میں عوام سے مسلسل رابطے میں رہیں اور عوامی مسائل ترجیحی  بنیادوں پر حل کیے جائیں۔

لاہور اور ساہیوال ڈویژن کے پاکستان تحریک انصاف کے ممبران قومی اسمبلی سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ ممبران کے حلقوں میں عوامی مسائل کے حل کے لیے اراکین قومی اسمبلی کی مشاورت سے مسائل کے حل کو ترجیحی بنیادوں پر ممکن بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد عوام کو درپیش مسائل کی نشاندہی  اور  حل کو یقینی بنانا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات میں وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود ، وزیراعظم کے معاون خصو صی برائے سیاسی امورنعیم الحق اور پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل ارشد داد موجود تھے ۔

بعد ازاں ممبران قومی اسمبلی نے وزیراعظم کو خارجہ پالیسی کے افق پر مختصرعرصے میں کامیابیوں اور ملک کے معاشی استحکام و اقتصادی ترقی کے لیے مخلصانہ کوششوں پر خراج تحسین پیش کیا۔

ممبران نے اقلیتی برادری اور نادار طبقےکے حوالے سے وزیراعظم کے اقدامات، خاص طورپر کرتار پور راہداری کے سنگ بنیاد، بے گھر افراد کے لیے پناہ گاہوں کے  قیام  پر اپنی رائے کا اظہار کیا اور کہا کہ ان اقدامات سے وزیراعظم نے اقلیتی برادری اور محروم طبقے کے دل جیت لیے ہیں۔

ملاقات میں پارٹی امورپر تبادلہ خیال بھی کیا گیا ۔ ممبران نے وزیراعظم کو اپنے حلقے میں عوام کو درپیش بجلی، گیس، صحت عامہ اور تعلیم کے مسائل سے آگاہ کیا۔

ممبران قومی اسمبلی میں اعجاز احمد شاہ، راحت امان اللہ بھٹی، ملک کرامت علی کھوکھ، سردارطالب حسن نکئی، عالیہ حمزہ ملک، صوبیہ کمال خان، ڈاکٹر نوشین حامد، روبینہ جمیل، رخسانہ نوید، شونیلہ ر تھ اور رائے محمد مرتضیٰ اقبال شامل تھے۔


متعلقہ خبریں