ریئر ایڈمرل فیاض جیلانی نے سربراہ پاکستان نیوی کوسٹل کمانڈ کی ذمہ داریاں سنبھال لیں

ریئر ایڈمرل فیاض جیلانی نے سربراہ پاکستان نیوی کوسٹل کمانڈ کی ذمہ داریاں سنبھال لیں


کراچی: ریئر ایڈمرل فیاض جیلانی نے سربراہ پاکستان نیوی کوسٹل کمانڈ کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔

پاکستان نیوی شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق رئیر ایڈمرل فیاض جیلانی نے بحیثیت کمانڈر کوسٹ کمان سنبھال لی ہے۔ تبدیلی کمان کی پر وقار تقریب کا انعقاد کراچی میں  پی این ایس قاسم میں کیا گیا۔

سبکدوش ہونے والے کمانڈر کوسٹ ریئر ایڈمرل (ر) معظم الیاس نے ذمہ داریاں منتخب کمانڈر کوسٹ کے سپر د کیں  جبکہ وہ کمانڈر کوسٹ کے عہدے پر فائز ہونے کے سبب  اب پاک بحریہ کی ساحلی پٹی اور کریک ایریاز کی تمام تنصیبات اور یونٹس کے نگران اعلیٰ ہوں گے۔

نئے سربراہ پاکستان نیوی کوسٹل کمانڈ رئیر ایڈمرل جیلانی پاک بحریہ کے اسپیشل سروسز گروپ اور پاک میرینز کی بھی سربراہی کریں گے۔

​تبدیلی کمانڈ کی تقریب کے دوران ریئر ایڈمرل فیاض جیلانی کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور کوسٹل کمانڈ کے ماتحت یونٹس کے کمانڈنگ افسروں سے ان کا تعارف کرایا گیا۔

تقریب میں پاک بحریہ کے افسروں اور سیلرز کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

​رئیر ایڈمرل فیاض جیلانی کی پیشہ وارانہ زندگی کا مختصر جائزہ

​رئیر ایڈمرل فیاض جیلانی نے پاکستان نیوی وار کالج اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے گریجویٹ کیا جبکہ کرین فیلڈ یونیورسٹی برطانیہ سے ملٹری آپریشنل ریسرچ میں ماسٹرزکی ڈگری حاصل کی۔

انہوں نے  1984 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ اعلیٰ خدمات کے اعتراف پر ریئرایڈمرل فیاض جیلانی کو حکومت پاکستان نے ہلال امتیاز (ملٹری) سے نوازا۔ وہ ایک شاندار کیریئر کے حامل ہیں جس کے دوران انہوں نے مختلف اہم کمانڈ اور اسٹاف عہدوں پر خدمات سرانجام دیں۔

ان کی اہم کمانڈ تعیناتیوں میں کمانڈنگ افسر پی این ایس پشین اور پی این ایس معاون کے عہدے شامل ہیں جبکہ اہم اسٹاف اپائنٹمنٹس میں چیف اسٹاف آفیسر آف کمانڈر پاکستان فلیٹ، نیول سیکریٹری، ڈپٹی چیف آف دی نیول اسٹاف (پراجیکٹس)، ڈپٹی چیف آف دی نیول اسٹاف(پرسنل)، ڈپٹی چیف آف دی نیول اسٹاف (آپریشنز) اور ڈپٹی چیف آف دی نیول اسٹاف(ٹریننگ اور ایویلیوایشن ) کے عہدے شمار کیے جاتے ہیں۔

ریئر ایڈمرل فیاض جیلانی امریکہ میں بحیثیت نیول اتاشی بھی تعینات رہ چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں