ریلوے اراضی کیس، سپریم کورٹ نے رائل پام کی انتظامیہ تحلیل کر دی

فوٹو: فائل


لاہور: سپریم کورٹ نے رائل پام کلب کی انتظامیہ کو تحلیل کرتے ہوئے میسرز فرگوسن کو انتظام سونپ دیا ہے۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی  بینچ  نے ریلوے اراضی لیز پر دینے کے خلاف از خود نوٹس کی سماعت کی۔

سپریم کورٹ نے میسرز فرگوسن کو رائل پام کلب کی نئی انتظامیہ مقرر کرتے ہوئے رائل پام کا تمام ریکارڈ فوری قبضے میں لینے کا حکم دے دیا۔

سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق رائل پام کلب کی پرانی انتظامیہ کلب کی حدود میں داخل نہیں ہو سکے گی جب کہ رائل پام کلب میں تمام پروگرام اور سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں گی اور ریلوے سے متعلق کوئی بھی ریکارڈ رائل پام کلب سے باہر نہیں جائے گا۔

سپریم کورٹ نے رائل پام سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے تمام احکامات بھی غیر مؤثر کرتے ہوئے ہائی کورٹ میں زیر التواء کلب کے تمام مقدمات بھی منگوا لیے ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ وہ ریلوے اراضی پر ہاؤسنگ سوسائٹیاں بنانے پر پابندی لگا رہے ہیں جب کہ ریلوے کی زرعی اراضی لیز کے لیے تین سالہ مدت سے زائد دینے پر بھی پابندی ہو گی۔

چیف جسٹس نے حکم دیا کہ رائل پام کا ریکارڈ خراب نہیں ہونا چاہیے اور فرانزاک آڈٹ ہونے تک انتظام سپریم کورٹ کے پاس رہے گا۔


متعلقہ خبریں