شہباز شریف بلا مقابلہ چیئرمین پی اے سی منتخب

فوٹو: فائل


اسلام آباد: پبلک اکاونٹس کمیٹی کا پہلا اجلاس آج ہوا جس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو بطور چیئرمین نامزد کیا گیا ہے۔

اجلاس میں مسلم لیگ(ن) کے رہنما شیخ روحیل اصغر نے شہباز شریف کا نام تجویز کیا اور کسی نے بھی اپوزیشن لیڈر کے نام کی مخالفت نہیں کی۔

پبلک اکاؤنٹ کمیٹی کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیئرمین نے کہا کہ تمام اراکین کےاعتماد کا مشکور ہوں اور سب کو ساتھ لیکر چلوں گا میں سید خورشید شاہ کو بھی مبارک باد دیتا ہون جنھوں نے اس کمیٹی کو بہتر انداز میں چلایا۔

انہوں اس عزم کا اعادہ کیا کہ احتساب کا عمل شفاف ہوگا، پی اے سی ایک موثر فورم ہے اور احتسابی عمل کو بہتر بنانا ضروری ہے۔

اراکین پی اے سی مشاہد حسین، پرویز اشرف، شیری رحمن، عامر ڈوگر، اختر مینگل، شبلی فراز، راجہ پرویز اشرف،  و دیگر کی بھی شہبازشریف کو مبارک باد دی۔ ارکان کمیٹی کا کہنا تھا کہ احتساب کے لیے پارلیمینٹ کے فورم کو موثر بنانا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ میں حکومت کو اعتراض کا موقع نہیں  دوں گا اور  ن لیگ کے دور کے اڈٹ اعتراضات کا جائزہ لینے کے لیے کسی اور کو کنوینر بناوں گا۔

چئیرمین پی اے سی نے کہا کہ پبلک اکاوئنٹس کمیٹی کا پہلا باضابطہ اجلاس 28 دسمبر کو ہوگا۔

مسلم لیگ (ن) کے سابقہ دور حکومت میں پی اے سی کے سربراہ سابق اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ تھے اور پیپلزپارٹی کی دور میں چوہدری نثار علی خان اس کمیٹی کی سربراہی کر چکے ہیں۔

پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں فیصلہ  ہوا تھا کہ کمیٹیوں کے پرانے کوٹے اور طریقہ کار کو برقرار رکھتے ہوئے حکومت کو 17 اور اپوزیشن کو 16 کمیٹیاں دی جائیں گے جن میں پبلک اکاؤنٹ کمیٹی بھی شامل ہے۔


متعلقہ خبریں