انقرہ: ترکی کے شہر انقرہ میں ریلوے اسٹیشن پر ٹرین حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد نو ہو گئی ہے۔ حادثے میں 47 افراد زخمی ہیں۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق حادثہ انقرہ کے مغرب میں مرساندز ریلوے اسٹیشن پر پیش آیا جہاں تیز رفتار ٹرین ایک چھوٹی ٹرین سے ٹکرا گئی۔
حادثے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق انقرہ اور کونیا کے درمیان چلائی جانے والی ٹرین کو حادثہ صبح چھ بج کر تیس منٹ پر پیش آیا۔
گورنر استنبول ویسپ ساہن کا کہنا ہے کہ حادثہ ہائی اسپیڈ ٹرین کے چھوٹی ٹرین سے ٹکرانے سے پیش آیا جو ریلوے ٹریکس کے معائنے میں مصروف تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹرین کی اسپیڈ کے بارے میں انہیں نہیں معلوم لیکن حادثہ انقرہ اور کونیا کے اس اسٹیشن پر پیش آیا جہاں عموماً گاڑیاں نہیں رکتی۔