ملک کی تین جامعات میں سیرتﷺ چیئر قائم کرنے کا اعلان

وزیراعظم قومی اسمبلی کے آئندہ سیشن میں سوالات کے جوابات دینگے

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ طالب علموں کے ضروری ہے کہ وہ دنیا کے سب سےعظیم لیڈر ہمارے پیغمبر آنحضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی حیاتِ مبارکہ کے بارے میں تعلیم حاصل کریں تاکہ آپﷺ کی سیرتِ طیبہﷺ سے رہنمائی حاصل کرسکیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آنحضرتﷺ کی سیرت طیبہﷺ پر ریسرچ کے فروغ کے لیے ملک کی تین بڑی جامعات میں سیرتﷺ چیئر قائم کی جا رہی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم نے یہ بات کیڈٹ کالج مستونگ کے طلبا سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران بات چیت میں کہی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال بھی موجود تھیں۔

وزیراعظم عمران خان سے طلبا نے دوران ملاقات مختلف موضوعات پر گفتگو کی اور سوالات بھی پوچھے۔

انہوں نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے عہد کیا ہے کہ پاکستان کو ریاستِ مدینہﷺ کے اصولوں پر چلائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ انسان کی پہچان اس کے ارادوں اور اس کی سوچ سے ہوتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو شخص بڑے خواب دیکھتا ہے اور بڑے چیلنجز قبول کرتا ہے وہ اتنا ہی بڑا انسان بنتا ہے۔

عمران خان نے طلبا سے کہا کہ یاد رکھیں کہ ہر چھوٹی کامیابی انسان کو بڑی کامیابی کے لئے تیار کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انسان جب تک محنت جاری رکھتا ہے اس وقت تک وہ بڑا شخص بنتا جاتا ہے۔

مستونگ کیڈٹ کالج کے طلبا سے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ زندگی میں یاد رکھیں کہ انسان ہارتا اس وقت ہے جب وہ ہار مان لیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اچھا و برا وقت زندگی کا حصہ ہوتے ہیں اور برا وقت انسان کو سبق سکھاتا ہے۔

بلوچستان کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہاں پانی کا مسئلہ بہت سنگین ہے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ بڑھتی ہوئی آبادی اور زیر زمین پانی کی سطح کے مزید نیچے جانے سے یہ مسئلہ اور بھی سنگین ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مسئلے پر قابو پانے کے لئے جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملک میں تین طرح کے نظام تعلیم نے مسائل کو جنم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف طبقات کے لیے مختلف نظام تعلیم کی کسی بھی معاشرے میں کوئی گنجائش نہیں ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ملک بھر میں یکساں اورمعیاری نصابِ تعلیم رائج کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ مختلف وجوہات کی بنیاد پر بلوچستان ملک کے دیگر حصوں سے پیچھے رہ گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری پوری کوشش ہوگی کہ بلوچستان کی تعمیر و ترقی اور خصوصا ً طالب علموں کو وظائف دے کر تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنے میں مدد دی جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک بھر میں اسپورٹس کا نیا نظام لائیں گے تاکہ نوجوانوں کو کھیل کے میدان میں اپنی صلاحیتیوں کے جوہر دکھانے کے مواقع میسر آئیں۔

وزیراعظم عمران خان نے طلبا پر واضح کیا کہ نئے بلدیاتی نظام میں ترقیاتی فنڈز نچلی سطح پر منتقل کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ولیج لیول پر ترقیاتی فنڈز کی فراہمی سے بلوچستان کے علاقوں کی پسماندگی دور کرنے میں مدد ملے گی۔


متعلقہ خبریں