کراچی: میگا منی لانڈرنگ کیس میں کراچی کی بنکنگ کورٹ نے آصف زرداری اور فریال تالپور سمیت تمام ملزموں کی ضمانت میں 21 دسمبر تک توسیع کردی۔
سندھ میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت بنکنگ عدالت میں ہوئی۔ پیپلز پارٹی کےشریک چیئرمین آصف زرداری، ان کی بہن فریال تالپور, نمرمجیداور دیگر ملزم عدالت میں پیش ہوئے جبکہ کمرہ عدالت میں سابق صدر آصف زرداری اور عبدالغنی مجید کے درمیان گفتگو بھی ہوئی۔
اس موقع پر جیالے رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد بھی پہنچ گئی۔ کمرہ عدالت میں آصف زرداری کے قریب جیالوں کا رش لگ گیا تاہم عدالتی عملے نے غیرمتعلقہ افراد کو پیچھے ہٹا دیا۔
بینکنگ عدالت کے باہر پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ عمران خان انتقامی سیاست کررہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی قیادت کو پانچ پانچ اداروں میں بلایا جارہا ہے۔
عدالت نے آصف زرداری اور فریال تالپور سمیت تمام ملزموں کی عبوری ضمانت میں اکیس دسمبر تک توسیع کردی۔
کیس میں انور مجید، حسین لوائی اور ملک ریاض کے داماد زین ملک بھی نامزد ہیں۔
انور مجید،عبدالغنی مجید،حسین لوائی اورطحہ رضا پولیس کی حراست میں ہیں۔