نیب کے دباؤ سے زبان بند نہیں ہوگی، سعد رفیق

ن لیگی رہنما کا پریس کانفرنس کے دوران نیب پر سیاسی انتقام کا الزام



لاہور: سابق وزیر ریلوے اور مسلم لیگ نواز کے رہنما سعد رفیق نے کہا ہے کہ وزارت ریلوے 100 فیصد خصارے میں ہے، ٹرینوں کا افتتاح کیا جا رہا ہے جبکہ ان کی بوگیاں تک نہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ایک دوسرے پر الزامات نہیں لگانے چاہئیں، عمران خان کی حکومت نے صرف یوٹرن لئے ہیں۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ وزیر اعظم سے اپیل ہے کہ کنٹیر سے اترآئیں انہیں کچھ نہیں کہیں گے، پونے چار ماہ تاریخ کے بدترین دن ہیں جو نالائقی، جھوٹ، بہتان اور بلیک میلنگ سے عبارت ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یوٹرن کو پوری دنیا بری نظرسے اور یہ اچھی نظر سے دیکھتے ہیں۔ راگ درباری لگاتے ہیں، جو عمران کہتے ہیں درباری بھی وہی کہتے ہیں، مخالفین کوشش کر رہےہیں کہ کسی طرح نواز، شہباز کا نام الگ کر دیں۔

سعد رفیق نے کہا کہ ان کے کشکول میں  سوائے سعودی عرب کے کسی نے سکہ بھی نہیں ڈالا، پروٹوکول نہ لینے کی بات کی لیکن اب  سب لے رہے ہیں، آپ نے جو کہا وہاں سے یو ٹرن اور یہ آپ کا برینڈ نیم بن گیا ہے۔

” position =”left”]

انہوں نے کہا کہ حکومت نے سفارتی محاذ پر پاکستان کو شکست دلوائی جبکہ سی پیک سے اس وجہ سے کھلواڑ کیا جا رہا ہے کیوں کہ اس کا آغاز ن لیگ کے دور میں ہوا تھا، جو دشمنی آپ کر رہے ہیں سی پیک سے وہ  بھارت بھی نہیں کر سکتا۔

سعد رفیق نے کہا کہ پونے چار ماہ میں ڈالر کی شرح اوپر گئی، وزیر اعظم کہتے ہیں انہیں ٹی وی  سے ڈالر کی اڑان کا پتہ لگا جبکہ وزیر خزانہ کہتے ہیں کہ انہوں نے بتایا تھا جبکہ اسٹاک مارکیٹ روز کریش کر جاتی ہے۔

’پہلی حکومت دیکھی ہے جو 100 دن بعد کہتے ہیں کہ الیکشن وقت سے پہلے ہو سکتے ہیں، جب بھی ووٹ کا مذاق اڑا کر عوام کا فیصلہ نہیں مانیں گے تو ایسے ٹوٹ بٹوٹ حکمران ہی آئیں گے۔‘

سعد رفیق نے کہا کہ حالت یہ ہے کہ یہ انتقام سے بھرے ہوئے ہیں، ان کا نیب سے شکوہ یہ ہے کہ ن لیگ نشانے پر تو ہے پر نشانے سے مزہ نہیں آ رہا۔  عمران اور ان کے سپورٹرز کی سوچ یہ ہے کہ یہ سب جیل میں ہونے چاہئیں، شہباز شریف کی پیشی پر ن لیگ کے کارکنوں پر پولیس تشدد کی مذمت اور تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔

پی پی 168 رانا خالد کے مقابلے میں ایک اور اے ٹی ایم مدمقابل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلقے میں ووٹرز کو خریدا جا رہا ہے، لوگوں کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں لیکن الیکشن کمیشن کے پاس وقت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے لوگوں کے خلاف شکایت ہو تو پہلے پکڑیں گے ثبوت بعد میں لائیں گے، وزیر اعظم سمیت کسی اور کے خلاف شکایت ہو تو ثبوت کے باوجود ریفرنس کو لٹکایا جاتا ہے، اگر نیب کا دباؤ دے کر زبان بندی کرنا چاہتے ہیں تو ایسا نہیں ہو گا، زبان بند کر لیں تو ’گڈ بوائز‘ اور بولیں تو ’بیڈ بوائز‘ ہیں۔

خواجہ سلمان رفیق شریف آدمی ہیں لیکن کیونکہ میرے بھائی ہیں اس لئے سزا مل رہی ہے۔ ڈیڑھ سال سے ہمارے خلاف ثبوت ڈھونڈ رہے ہیں, جب ثبوت نہیں ملے تو لوگوں کو اٹھایا گیا اور دھمکیاں دی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس گواہ ہیں کہ لوگوں پر جسمانی تشدد کرکے ہمارے خلاف کھڑا ہونے کے لئے اکسایا گیا۔  یہ سکہ شاہی نہیں چلے گی کہ آپ کسی کے اوپر چڑھ کر گھونسے ماریں اور وہ چپ رہے؟ ہم بیک فٹ پر جانے والے نہیں فرنٹ فٹ پر رہیں گے۔

سعد رفیق نے کہا کہ قائد حزب اختلاف کو پکڑ لیا لیکن ثبوت کوئی نہیں ہے۔ قیصر امین بٹ میرے خاص ہیں انہیں بلا کر دھمکایا گیا۔ پہلی پیشی پر قیصر امین بٹ نے کہا کہ پلی بارگین کی درخواست دی۔  مجسٹریٹ کے پاس گئے تو نیب والوں کو نکال کر بیان ریکارڈ ہوا تو وہ تھا جو نیب نہیں چاہتی۔ اس بیان کے بعد مجسٹریٹ کو تبدیل کرا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پھر اس کا بیان ہائیکورٹ کے حکم کے بر عکس ریکارڈ کیا گیا۔  نیب کو اسلام آباد میں شواہد اور ثبوت دئیے ہیں منتظر ہیں کہ کیا ہوتا ہے۔

جنید جمشید کی برسی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ آج جنید جمشید شہید کا دوسرا یوم شہادت ہے ، وہ ہمارے گھر کے فرد کی طرح تھے، انہوں نے اپنی کوششوں سے دنیا کے مختلف علاقوں میں اسلام کی دعوت دی۔


متعلقہ خبریں