عالمی اسٹاک مارکیٹیں مندی کا شکار کیوں؟


اسلام آباد: یورپ اورایشیا کی شیئر مارکیٹوں میں ہونے والی مندی نے سرمایہ کاروں کو بھاری نقصان پہنچا دیا ہے۔

اسٹاک مارکیٹس کے ماہرین کا خیال ہے کہ بہت سے ممالک کی اسٹاک مارکیٹوں میں آنے والی مندی کی بنیادی وجہ ہوائی ٹیکنالوجی کی چیف فنانس آفیسر کی کینیڈا میں گرفتاری، اوپیک ممالک کا اجلاس اور قطر کی علیحدگی بھی ہے۔

چین کی سب سے بڑی ٹیلی کام کمپنی ہوائی ٹیکنالوجیز کی سی ایف او مینگ وینزھو کو کینیڈا میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ان کی گرفتاری کینیڈا کے شہر وانکوور سے عمل میں آئی ہے۔ وہ چین کی کمپنی ہوائی کے بانی کی بیٹی بھی ہیں۔

خبررساں ایجنسیوں نے خدشات کا اظہار کیا ہے کہ انہیں امریکہ کے حوالے کیا جاسکتا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ کو شک ہے کہ ایران پرعائد پابندیوں کے باوجود چین کی ٹیلی کام کمپنی ’ہوائی‘ ایران کو نیٹ ورکنگ کا سامان فروخت کر رہی ہے۔ خبر کے مطابق اس ضمن میں تحقیقات جاری ہیں۔

عالمی اقتصادی صورتحال پہ نگاہ رکھنے والے ماہرین یقین رکھتے ہیں کہ اس گرفتاری کی وجہ سے امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی جنگ شدت اختیار کرجائے گی۔ اس خدشے ہی کی وجہ سے اسٹاک مارکیٹوں میں سخت مندی کا رحجان دیکھا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ جمعرات کو شدید مندی کا شکار رہی۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ کے 100 انڈیکس میں ایک ہزار سے زائد پوائنٹس کی کمی ہوئی اور 100 انڈیکس 38 ہزار پوائنٹس کی کم ترین سطح پر ٹریڈ کرتا رہا۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے منفی زون میں جانے اورغیر مستحکم صورتحال کے پیش نظر سرمایہ کار خوف کا شکار رہے اور حصص کا کاروبار شدید متاثر ہوا۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق جاپان، چین اور جنوبی کوریا کے شیئر بازاروں میں 2.5 فیصد تک گر چکے ہیں۔ اس کا اثر ہندوستانی شیئر بازار پر بھی دکھائی دیا ہے۔

خبررساں ادارے کے مطابق کینیڈا میں موجود چینی سفارت کار نے ہوائی کی سی ایف او کی گرفتار پر شدید احتجاج کیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کینیڈا اپنی غلطی کا ازالہ کرے اور مینگ وینزھو کو فی الفور رہا کرے۔ چین کے سفارتکار کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی ہے۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق چینی حکام کا کہنا ہے کہ مینگ وینزھو کی گرفتاری انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے امریکی اور کینیڈین حکام سے چینی شہری کی گرفتاری پر وضاحت بھی طلب کی ہے۔

عالمی ذرائع ابلاغ نے کینیڈا کی وزارت انصاف کے حوالے سے بتایا ہے کہ رین شنگ کی بیٹی اور انتظامی امور کی کمیٹی کی رکن کوجمعہ کے دن عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہوائی کمپنی نے جاری بیان میں کہا ہے کہ اسے مینگ وینزھو کی گرفتاری سے متعلق زیادہ معلومات نہیں ہیں۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق امریکہ نے مینگ وینزھو کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ان پر نیو یارک میں مقدمہ چلا یا جاسکے۔


متعلقہ خبریں