پارٹی کا 51 واں یوم تاسیس بھرپور جوش سے منایا جائیگا: بلاول بھٹو زرداری

بلاول بھٹو کو یوم تاسیس کے مجوزہ جلسے کی تیاریوں پر بریفنگ


کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی(پی پی پی) چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پارٹی کا 51 واں یوم تاسیس بھرپور جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔

چیئرمین پی پی پی کی زیرِ صدارت یوم تاسیس پر بلاول ہاوَس میں اجلاس کے دوران بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نظریے و فلسفہ سے تجدید عہد نو کیا جائے گا، جس کے لیے پارٹی قیادت نے قیمتی جانیں قربان کردیں۔

چیئرمین پی پی پی نے مزید کہا کہ شہید بھٹو نے بائیں بازو، پسماندہ، مظلوم اور محنت کش طبقات کی پارٹی بنائی۔

بلاول بھٹو کا شرکا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پارٹی نے عوام میں شعور بیدار کیا اور انکو اپنے بنیادی حقوق کی جدوجہد کے لیے تیار کیا۔ جدوجہد کے دوران پارٹی کے ہزاروں کارکنان نے بڑی بہادری سے جام شہادت نوش کیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہماری پارٹی نے جمہوریت و انسانی حقوق کے لیے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں اور جانوں کی قربانیاں دیں۔

انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو کو تختہ دار پر لٹکایا گیا اور شہید بی بی کو قتل کردیا گیا: بلاول بھٹو زرداری

اجلاس میں پارٹی چیئرمین کو یوم تاسیس کے موقعے پر سکھر میں مجوزہ جلسے کی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ جلسے میں ملک بھر سے قافلے شرکت کریں گے۔

ہفتے کے روز ہونے والے پارٹی اجلاس میں یوم تاسیس کمیٹی کے ممبران سید قائم علی شاہ، نثار احمد کھوڑو اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے بھی شرکت کی۔ ان کے علاوہ دیگر پارٹی ممبران وقار مہدی، منظور وسان، اسلام الدین شیخ، نعمان اسلام الدین، اعجاز جکھرانی، مکیش چاولہ، سعید غنی، مرتضیٰ وہاب، عاجز دھامراہ اور فرخ شاہ بھی وہاں موجود تھے۔

 

 


متعلقہ خبریں