دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی، آرمی چیف

فوٹو: آئی ایس پی آر


راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان مخالف غیر ملکی ایجنسیوں سمیت دہشتگردی کی جڑ کے خلاف اقدامات جاری رکھنے ہوں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے ملتان گیریژن  کا دورہ کیا اور  آرمز فارمیشن کی تربیتی مشقوں کا جائزہ لیا۔

آرمی چیف نے ملتان گیریژن کے افسران سے بھی ملاقاتیں کیں اور ملک کی سیکیورٹی کی صورتحال، درپیش چیلنجز اور اس کے تدارک کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم دہشتگردی کے خلاف آپریشن کے بعد استحکام کے فیز کی جانب گامزن ہیں، دہشتگردی اور عسکریت پسندی کے خلاف جنگ تاحال جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ دیرپا قیام امن، سماجی، معاشی ترقی کے لیے قومی ایکشن پلان کے تحت ریاستی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ کچھ عناصر ملک کو عدم استحکام کی جانب دھکیلنا چاہتے ہیں، مذہبی، لسانی یا کسی دوسرے بہانے کے نام پر ریاست کو اس صورتحال میں دھکیلنے نہیں دیں گے۔


متعلقہ خبریں