کراچی: نجی اسکول کے طالبعلم کی پر اسرار موت

فائل فوٹو


کراچی: نجی اسکول کے کم سن طالب علم کی پراسرار موت کا معمہ حل نہ ہوسکا۔

نجی اسکول انتظامیہ کی مطابق تیسری جماعت کا طالب علم زونین کینٹین کی لائن میں کھڑا تھا کہ وہ اچانک گر کر بے ہوش ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق اسے پہلے ابتدائی طبی امداد کے ذریعے ہوش میں لانے کی کوشش کی گئی اور ہوش نہ آنے کی صورت میں اسے اسپتال منتقل کیا گیا مگر بچہ راستے میں ہی دم توڑ چکا تھا۔ بچے کی موت کی تصدیق اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے کی۔

بچے کے والد محمد خرم کا کہنا تھا کہ ان کے بیٹے کو کوئی ایسی بیماری لاحق نہیں تھی جو اس کی موت کی وجہ ہو، انہوں نے کہا کہ وہ پوسٹ مارٹم کے ذریعے اپنے بچے کو ہرگز تکلیف نہیں دینا چاہتے اس لیے وہ مزید کسی قسم کی انکوائری نہیں کرائیں گے۔

اسپتال انتظامیہ نے اس واقعے پر کسی بھی قسم کا موقف دینے سے انکار کیا ہے البتہ کیس کے تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ بچے کی موت مرگی کے باعث ہوئی ہے اسی لیے انہوں نے مزید تفتیش کرنا بند کر دی ہے۔


متعلقہ خبریں