بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

فوٹو: فائل


اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم بالائی علاقوں میں مطلع ابرآلود رہے گا۔

خیبرپختونخوا کے زیادہ تر علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جب کہ ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، بٹگرام، چترال اور دیر میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرام اور تورغر میں درجہ حرارت کم  سے کم صفر اور زیادہ سے زیادہ پانچ ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

مالاکنڈ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔

موسمیاتی تبدیلیوں پر نظر رکھنے والے ادارے کے مطابق اتوار کے روز بلوچستان میں موسم جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ واشک، تربت اور لسبیلہ میں درجہ حرارت کم سے کم 36  اورزیادہ سے زیادہ 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

پنجاب اور کشمیر کے زیادہ تر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر علاقے خشکی کی لپیٹ میں رہیں گے، کراچی میں  درجہ حرارت کم سے کم 21 اور زیادہ سے زیادہ 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

پنجاب کی میدانی علاقوں میں اسموگ

ملتان اور گردنواح میں زہریلی اسموگ سے شہریوں کا گھر سے نکلنا مشکل ہوگیا ہے، حد نگاہ 500 میٹر ہونے کی وجہ سے سفر میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ ترجمان پٹرولنگ پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے اجتناب کی ہدایات کی ہیں۔


متعلقہ خبریں