لندن: نیلامی سے متعلق مشہور فرم کرسٹی نے معروف سائنسدان اسٹیفن ہاکنگ کی 22 ذاتی اشیاء آن لائن نیلامی کے لیے پیش کر دی ہیں۔
نیلامی میں عظیم برطانوی سائنسدان کے سائنسی دستاویزات سمیت ان کی مشہور وہیل چیئر اور ٹیلی ویژن کے مزاحیہ شو ’دی سمپسنز‘ میں ان سے متعلق اسکرپٹ شامل ہیں۔
اسٹیفن ہاکنگ نے یہ دستاویزات 1965 میں پی ایچ ڈی کے دوران لکھی تھیں۔ ان کی پانچ کاپیاں بھی نیلامی کے لیے پیش کی جارہی ہیں۔
ایک اندازے کے مطابق اسٹیفین ہاگنگ کی ان سائنسی دستاویزات کی قیمت 130,000 سے 195,000 امریکی ڈالر ہے اور ان کی سائنسی طرز پر بنائی گئی وہیل چیئرجو نیلامی کا حصہ بھی بننے جا رہی ہے، کی قیمت 10,000 سے 15,000 پاؤنڈ تک فروخت کی جائی گی۔
ذرائع کے مطابق نیلام گھر میں معروف سائنس دان کی ویل چیئر کی نیلامی سے حاصل رقم خیرات میں ضرورت مندوں کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تھومس وینگنگ کا اسٹیفن ہاگنگ کی تھیسسز کے حوالے سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہنا تھا کہ معروف سائنسدان کا یہ تھیسسز انہوں نے اپنی ہاتھوں سے اپنی لکھائی میں لکھا اس وجہ سے اس میں لکھے الفاط ان کی بیماری میں ہاتھوں کی کپکپاہٹ کے باعث کچھ اوپر نیچے ہیں۔
پروفیسر تھومس کا کہنا ہے کہ ان تھسسز میں فزکس کے شعبے سے منسلک تجربوں کے جدید ارتقاء کی تفصیلات لکھی ہوئی ہیں۔ ان کاغذات میں ان کی ذاتی زندگی پر مبنی کچھ دلچسپ حقائق بھی موجود ہیں۔
اس موقع پر اسٹیفن ہاگنگ کی بیٹی کا کہنا تھا کہ معروف سائنسدان کی اشیاء کی نیلامی ان کے پرستاروں کے لیے ایک سنہری موقع ہے جس کو خرید کر وہ ان کے والد کی غیر معمولی زندگی میں استعمال کی گئی اشیاء ایک نشانی کے طور پر رکھ سکیں گے۔
معروف سائنسدان کی سائنسی دستاویزات سمیت ان کی کچھ ذاتی اشیاء کی نیلامی کے لیے بولی کا آغاز 31 اکتوبر سے کیا جائے گا۔