موجودہ حکومت سر سے پاؤں تک جھوٹی ہے، حمزہ شہباز

فوٹو: فائل


لاہور: مسلم لیگ نون کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت سر سے پاؤں تک جھوٹی ہے۔ ہر طرف ہی جھوٹ بولا جا رہا ہے۔

حمزہ شہباز شریف نے پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن مسلم لیگ نون کے لیے اچنبھے کی بات نہیں ہے۔ جمہوریت کا حسن ہے کہ گاڑی کو ٹریک پر چلتے رہنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون اقتدار کے لیے سیاست نہیں کر رہی ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ لوگوں کو حکومت کی حقیقت معلوم ہو کیونکہ کنٹینر پر چڑھ کر لوگوں سے وعدے کرنا بہت آسان ہے لیکن اس پر عمل کرنا انتہائی مشکل کام ہوتا ہے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ جب بھارتی میڈیا نے کہا پاکستان کے پاس پیسے نہیں ہیں اس لیے بھینسیں نیلام کر رہے ہیں تو ایک پاکستانی ہونے کے ناطے مجھے بہت تکلیف ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ کئی بار ایسا ہوتا ہے کہ بم کی آواز آتی ہے لیکن قریب جاکر معلوم ہوتا ہے کہ یہ تو پھلجھڑی تھی۔ ابھی تو حکومت کو جمعہ جمعہ آٹھ دن ہوئے ہیں۔ گھوڑا بھی ہے اور میدان بھی بس دیکھنا یہ ہے کہ گھوڑا کب تک دوڑتا ہے۔

مسلم لیگی رہنما نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کہتے ہیں کہ پنجاب میں قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن ہو رہا ہے تو کیا اُن کو اپنے آس پاس علیم خان اور پرویز الہیٰ نظر نہیں آتے۔


متعلقہ خبریں