کسی دور میں اتنی پولیس گردی نہیں دیکھی، رانا تنویر


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا تنویر نے کہا کہ انہوں نے کسی دور میں اتنی پولیس گردی نہیں دیکھی جس طرح اس وقت دیکھ رہے ہیں۔

پروگرام نیوزلائن میں میزبان ماریہ ذوالفقار سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی بیٹی ابھی تک تمام معاملات پراس لیے خاموش ہیں کیونکہ نواز شریف سیاسی معاملات اپنی اہلیہ کے چالیسویں کے بعد شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

نئی حکومت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تبدیلی بس اتنی آئی ہے کہ شاہ محمود قریشی پاکستان   پیپلزپارٹی کے دور میں بھی وزیر خارجہ تھے اور آج پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بھی ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود کے حالیہ بیان سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی کے ایک اچھے کارکن ہیں لیکن یہ ان کے ذاتی خیالات ہو سکتے ہیں۔

پروگرام میں موجود پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما بہرہ مند تنگی نے کہا کہ اتنی بڑی باتیں رانا مشہود خود سے نہیں کرسکتے، اسی لیے ن لیگ کو وضاحت دینی چاہیے۔

رہنما پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا کہ اگر حکومت ملکی مفاد میں فیصلے کرے تو  حکومت کا ساتھ دیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقتدار میں آنے سے پہلے بہت سی باتیں کی تھیں اورحکومت میں آتے ہی یو ٹرن لے لیا۔

پی ٹی آئی کے رہنما راجہ ریاض نے کہا کہ کوئی بھی اگرجرم کرے گا تو اس کو سزا دی جائے گی اور حکومت  کسی قسم کے سمجھوتے نہیں کرے گی۔

پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2008 میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت آئی اورانہوں نے  ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کا معاشی قتل کر کے انہیں نوکریوں سے نکال دیا تھا۔

پاکستان مسلم لیگ ن پر تنقید کرتے ہوئے راجہ ریاض نے کہا کہ ن لیگ چاہتی ہے کہ کرپٹ ترین انسان ملک کا وزیر اعلیٰ ہونا چاہیے، یہ لوگ شہباز شریف کو لانا چاہتے تھے۔


متعلقہ خبریں