دہشت گردوں کو امریکی حمایت حاصل ہے، آیت اللہ خامنہ ای


تہران: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا ہے کہ ایران میں دہشت گرد حملہ آوروں کو امریکی حمایت حاصل ہے جبکہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات حملہ کرنے والوں کی مالی معاونت میں ملوث ہیں۔

آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ ایران نے دہشت گرد حملے کے ذمہ داروں سے حساب لینے کا فیصلہ کر لیا ہے، ان افراد پر زمین تنگ کر دی جائے گی اور انہیں قانون کے دائرے میں لا کر سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔

ہفتہ 22 ستمبر کو ایران کے صوبے اہواز میں فوجی پریڈ کے دوران دہشت گردوں کے حملے میں 24 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔

پریڈ دیکھنے کے لیے آئے شہریوں کا کہنا تھا کہ جب فائرنگ شروع کی گئی تو انہیں لگا کہ  نادانستہ ایسا ہوا ہے لیکن جب فوجی جوان زخمی ہوئے تب پتا چلا کہ یہ دہشت گرد حملہ تھا۔ 

فائرنگ کا سلسلہ دس منٹ تک جاری رہا، حملہ آوروں کی جانب سے فائرنگ فوجیوں اور شہریوں پر کی گئی۔ 

22 ستمبر کو ایران کے مختلف شہروں میں عراق کے ساتھ جنگ کی 38 ویں سالگرہ منائی جا رہی تھی اور اس سلسلے میں متعدد تقریبات کا اہتمام کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں