ایران پڑوسی ممالک کو عدم استحکام کا شکار کر رہا ہے، امریکہ


نیویارک: اقوام متحدہ میں امریکی خاتون مندوب نکی ہیلے نے کہا ہے کہ ایران خطے کے ممالک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور اس مقصد کے لیے وہ مذہبی نعروں کا استعمال کر رہا ہے۔

سلامتی کونسل کے اجلاس میں ہیلے نے مشرق وسطی میں ایرانی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ “تہران خطے میں ایسے حکمرانوں کو سپورٹ کر رہا ہے جو اپنے عوام کو کیمیائی مواد کے ذریعے موت کی نیند سُلا رہے ہیں”۔

امریکی خاتون مندوب کے مطابق تہران نے خطے میں پڑوسی ممالک کو اپنے مقاصد کے حصول کے لیے غیر مستحکم کیا اور مذہبی نعروں کے ذریعے ان ممالک میں اپنا اثر و رسوخ بڑھایا۔

نکی ہیلے نے کہا کہ ایران نے عراق کے اندر بھی اپنے لیے خصوصی زون قائم کر رکھا ہے تا کہ وہاں اپنے زیر انتظام ایجنٹوں اور ملیشیاؤں کو فنڈنگ اور تربیت فراہم کر سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران کی پوری خواہش ہے کہ عراق کو کمزور کیا جائے تا کہ تہران اپنی سرگرمیاں جاری رکھنے میں کامیاب ہو جائے۔


متعلقہ خبریں