اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ پاکستان میں منشیات ایک بڑا مسئلہ ہے اور حکومت کا فرض ہے کہ وہ نوجوانوں کو نشے سے ہٹا کر کھیلوں کی طرف راغب کرے۔
انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں ایک غیر سرکاری تنظیم کے زیر اہتمام ہونے والے رگبی کے نمائشی میچ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہی۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں میں شعور بیدار کر کے اس لعنت سے جان چھڑانا ناگزیر ہے، امیر ہو یا غریب دور حاضر میں ہر خاندان نشے سے متاثر ہو رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو منشیات سے محفوظ رکھنے کے لیے کھیلوں کا فروغ اور دیگر سہولیات کی فراہمی بہت ضروری ہے، ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو کھیلوں پر لگا کر اس زہر سے دور کرنا ہے۔
میچ کا انعقاد ’نشے سے دور زندگی سے پیار‘ کے دن کی مناسبت سے کیا گیا جس میں لاہور اور اسلام آباد کی ٹیمیں مد مقابل تھیں۔