خون کے عطیات کی مہم، “ہم نیوز” کے ساتھ

  • انسانیت کی مدد خون کے عطیات دے کر کریں!

اسلام آباد: ہم نیوز کی جانب سے 15 ستمبر کو مرکزی دفتر اسلام آباد میں خون کے عطیات کے لیے کیمپ لگایا گیا جس میں ہم فیملی کے تقریبا تمام افراد انسانیت کا درد اپنے دل میں سمائے مہم کا حصہ بنے اور دل کھول کر خون کے عطیات دیے۔ 

دنیا بھر میں ہر سال 14 جون کو خون کا عطیہ کرنے والوں کا عالمی دن منایا جاتا ہے جسے بلڈ ڈونر ڈے بھی کہا جاتا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد لوگوں میں خون کے عطیات دینے کی اہمیت اجاگر کرنے کے ساتھ ان افراد کو سراہنا بھی ہوتا ہے جو بے لوث ہو کر دوسروں کی مدد کی غرض سے اپنا خون عطیہ کرتے ہیں۔

ہم نیٹ ورک سے ہر سال خون کا عطیہ دینے کی مہم چلتی ہے تاہم اس سال ہم نیٹ ورک کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے “ہم نیوز” بھی اس کار خیر میں شریک ہوا اور ہم فیملی کے تقریباً تمام افراد نے اس میں حصہ لیا۔ 

چیف ایگزیکٹو ہم نیوز درید قریشی کا کہنا تھا کہ میں 18 سال کی عمر سے خون کے عطیات دیتا رہا ہوں تاہم اپنے ساتھیوں کو خون عطیہ کرتے دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔

درید قریشی کا کہنا تھا کہ ہمارے خون کے عطیات کی وجہ سے پاکستان کے کسی بھی شخص کوخون کی کمی نہیں ہوگی۔ انہوں نے تمام پاکستانیوں سے خون کے عطیات دیتے رہنے کی اپیل بھی کی۔ 

خون عطیہ کرنے کے فوائد

خون عطیہ کرنا نہ صرف انسانیت کی مدد کا ایک ذریعہ ہے بلکہ اس کے بے شمار فوائد بھی ہیں۔ 

طبی معائنہ:
خون کے عطیہ کرنے سے قبل ہر انسان کا طبی معائنہ کیا جاتا ہے جس میں بلڈ پریشر اور دل کی دھڑکن سمیت دیگر چیزوں کو مکمل طور پر دیکھا جاتا ہے۔ اگلے مرحلے میں جسم سے خون نکال کر اسے ٹیسٹ کے لیے بھیجا جاتا ہے جہاں یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ انسان کو کوئی مہلک بیماری تو نہیں۔
آئرن کی متوازن سطح:
ماہرین کے مطابق خون عطیہ کرنے سے جسم میں آئرن کی مقدار تھوڑی دیر کے لیے کم ہو جاتی ہے تاہم اچھی خوراک استعمال کرنے سے یہ مقدار پھر سے متوازن سطح پر پہنچ جاتی ہے۔ ماہرین طب اس طرح کی تبدیلی کو جسم کے لیے سود مند قرار دیتے ہیں۔
بیماریوں سے چھٹکارا:

ایک تحقیق سے یہ بات واضح ہوئی کہ جو لوگ وقتاً فوقتاً خون عطیہ کرتے ہیں وہ مختلف بیماریوں سے دور رہتے ہیں۔

خون عطیہ کرنے کے جہاں بہت سے فوائد ہیں وہیں چند بنیادی باتوں کا خیال رکھنا بھی لازمی ہے:

خون عطیہ کرنے سے قبل:

• خون کا عطیہ کرنے سے قبل زیادہ سے زیادہ پانی پینے کے ساتھ ساتھ اچھی خوراک جیسا کہ پالک، انڈے اور گوشت کا استعمال کریں۔
• خون عطیہ دینے سے 24 گھنٹے پہلے سے ہی تمباکو نوشی ترک کر دیں۔
• خون دینے کے دوران سردی لگنے کی صورت میں فوری طور پر کمبل سے جسم ڈھانپ لیں۔
خون عطیہ کرنے کے بعد:
• خون عطیہ کرنے کے بعد کچھ دیر آرام کریں اور ہلکی غذا جیسا کہ جوس یا بسکٹ کھا لیں۔
• اگر آپ تمباکو نوشی کے عادی ہیں تو خون دینے کے کم از کم تین گھنٹے بعد تک اس سے گریز کریں۔
• اس کے علاوہ کوشش کریں کہ 24 گھنٹے تک بھاری چیزیں نہ اٹھائی جائیں۔


متعلقہ خبریں