زائرین کا تحفظ یقینی بنایا جائے، وزیر مملکت برائے داخلہ


اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار خان آفریدی نے کہا ہے کہ بیرون ملک جانے والے  زائرین کو فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے کے لئے مربوط حکمت عملی بنائی جائے۔

زائرین کے تحفظ کے لیے بلائے گئے اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مذہبی ہم آہنگی اور امن و امان ملک کی خوشحالی کے لئے ناگزیر ہے، زائرین کی آمدورفت کو مزید بہتر اور آسان بنایا جائے۔

اجلاس میں وزارت داخلہ، وزارت مذہبی امور اور بین الصوبائی رابطہ سمیت دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی، چیف سیکرٹری بلوچستان نے زائرین کی سیکیورٹی سمیت مختلف امور پر شہریار خان آفریدی کو بریفنگ دی۔

وزیر مملکت نے اجلاس میں زائرین کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنے کی ہدایت جاری کی۔

انہوں نے اجلاس میں ایف سی اہلکاروں کی تعداد مزید بڑھانے اور امیگریشن آفس کی توسیع کرنے کے احکامات بھی جاری کیے، مزید برآں زائرین کی آمدورفت کے حوالے سے داخلی راستوں پر مزید سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔


متعلقہ خبریں