وائرل ویڈیو بکری کے حفاظتی باڑ عبور کرنے سے متعلق ہے، ترجمان موٹروے پولیس

Motorway Police

فوٹو: فائل


اسلام آباد: نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کے ترجمان نے موٹروے پر ایک پولیس اہلکار کی بکری کے ہمراہ وائرل ہونے والی ویڈیو کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ درحقیقت یہ بکری کے حفاظتی باڑ عبور کرنے سے متعلق ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس نے کہا کہ دوران پٹرولنگ متعدد بار مقامی شخص کو بکریاں حفاظتی باڑ سے دور لے جانے کے لئے خبردار کیا گیا تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے لیکن مسلسل خلاف ورزی پر موٹروے پولیس کی پٹرولنگ پر مامور عملہ نے حفاظتی باڑ کے انتہائی قریب پہنچنے پر بکری کو اپنی تحویل میں لیا اور مزید قانونی کارروائی کے لئے بیٹ کیمپ آفس پہنچایا گیا۔

بعد ازاں بکری کے مالک نے بیٹ آفس آ کر اپنی غلطی کو تسلیم کیا اور آئندہ ایسا نہ کرنے کا وعدہ کیا جس پر موٹروے پولیس کے افسران نے اس کی بکری حوالے کر دی ۔

یہ بھی پڑھیں: ججز کی عمر کی حد میں توسیع کے حوالے سے کوئی نئی قانون سازی نہیں کی جا رہی، عرفان صدیقی

واضح رہے کہ موٹروے کے گرد حفاظتی باڑ مسافروں کے محفوظ سفر یقینی بنانے کے لئے بنائی گئی ہے اور حفاظتی باڑ کراس کرنا ایک غیر قانونی عمل ہے۔

ترجمان نے کہا کہ موٹروے پولیس آپ کے محفوظ سفر کے لئے ہر دم کوشاں ہے۔


متعلقہ خبریں